Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ اور کینیڈا کورونا وائرس کے مریضوں کو ویکسین لگانے کے لیے تیار

امریکہ میں کورونا وائرس کی ویکسین کوریئر سروسز کے ذریعے بھیجی گئی (فوٹو: اے ایف پی)
رواں ہفتے امریکہ اور کینیڈا میں کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کی مہم شروع ہو جائے گی جبکہ جرمنی نے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے تعطیلات کے دوران جزوی طور پر لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کینیڈا اور امریکہ، برطانیہ کے بعد وہ پہلے مغربی ممالک ہوں گے جو ویکسین لگانا شروع کر دیں گے۔
امریکی ریاستوں میں پیر سے دواساز کمپنی فائزر کی کورونا وائرس کی ویکیسن لگانا شروع ہو جائے گی۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اموات کی تعداد تقریباً تین لاکھ ہے۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سامان لے جانے والے کوریئر سروسز فیڈ ایکس اور یو پی ایس نے ٹرکوں اور جہازوں کے ذریعے اپنا سپیشل کارگو امریکہ کے 50 ریاستوں میں بھیج دیا ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس کی ویکسین سب سے پہلے ہیلتھ کیئر ورکرز اور نرسنگ ہومز کے مکینوں کو لگائی جائے گی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کیا کہ ’ویکسین بھیج دی گئی ہے اور راستے میں ہے۔ یو ایس اے صحت یاب ہو، دنیا صحت یاب ہو۔‘
ابتدائی طور پر بدھ تک دو اعشاریہ نو ملین افراد کو کورونا وائرس کی خوراکیں فراہم کی جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس کے آخر تک 20 ملین امریکیوں کو کورونا وائرس کی ویکسین کی دو خوارکیں ملیں گی جبکہ مارچ سے پہلے 10 کروڑ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگا دی جائے گی۔
دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچ چکی ہے اور پیر سے ویکسین لگانے کا آغاز ہو جائے گا۔
ویکسین سے متعلق یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک کروڑ 62 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے جرمنی میں جزوی لاک ڈاؤن نافذ ہے (فوٹو: اے ایف پی)

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 16 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے جرمنی میں غیر ضروری دکانیں اور سکولز بند ہوں گے۔
یورپ کی سب سے بڑی معیشت کورونا وائرس سے بری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔ گذشتہ ہفتے جرمنی میں روزانہ کی بنیاد پر اموات کی تعداد چھ سو تک پہنچ گئی تھی۔
اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد برطانیہ سے بڑھ گئی ہے۔

شیئر: