اکاؤنٹنٹ کی سعودائزیشن، تنخواہوں میں حکومت تعاون کرے گی
اکاؤنٹنٹ کی سعودائزیشن، تنخواہوں میں حکومت تعاون کرے گی
جمعرات 24 دسمبر 2020 5:40
اکاؤنٹنٹ کے لیے سعودائزیشن کا 30 فیصد کوٹہ مقرر کیا گیاہے (فوٹو: مڈل ایسٹ افیئرز)
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کے ترجمان ناصر الھزانی کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹنٹ اور کیشیئرز کے پیشے میں سعودائزیشن کے قانون پرعمل درآمد کرانے اور نجی سیکٹر کی امداد کے لیے حکومت کی جانب سے سعودی ملازم کی تنخواہ میں 30 سے 50 فیصد تک مدد کی جائے گی۔
ویب نیوز ’اخبار24 ‘ نے وزارت افرادی قوت کے ترجمان کی جانب سے سعودی ٹی وی ’الاخباریہ‘ کو دیے گئے انٹرویو کے حوالے سے کہا ہے کہ وزارت افرادی قوت نے نجی شعبے میں اکاؤنٹنٹ کے پیشے میں سعودائزیشن کا جو30 فیصد کوٹہ مقرر کیا ہے اس سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے کافی مواقع میسر آئیں گے۔
ترجمان افرادی قوت نے مزید کہا کہ ’وزارت کی جانب سے منظورہونے والے قانون پرعمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ نجی شعبے کو اس ضمن میں مدد فراہم کرنے کے لیے سعودی اکاؤنٹنٹ اور کیشئر کی تنخواہ میں حکومت کی جانب سے 30 سے 50 فیصد تک مخصوص فنڈ سے تعاون کیا جائے گا تاکہ نجی شعبہ بھی متاثر نہ ہو اور مقامی نوجوان بھی روزگار حاصل کر سکیں۔
ترجمان افرادی قوت کا مزید کہنا تھا کہ وزیر افرادی قوت انجینئراحمد سلمان الراجحی کی جانب سے اکاؤنٹنٹ اور کیشیئرز کی سعودائزیشن کے لیے جو قانون منظور کیا گیا ہے اس سے تقریبا 9 ہزار 800 افراد کو روزگار ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے قانون کا مقصد تعلیم یافتہ سعودی نوجوانوں کو بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے سعودائزیشن کے پروگرام کے تحت اس سے قبل جب نجی اور انٹرنیشنل سکولز میں سعودی اساتذہ کی تعیناتی لازمی قرار دی گئی تھی اس وقت بھی مخصوص فنڈ سے سعودی اساتذہ کی آدھی تنخواہیں ادا کی جاتی تھیں تاکہ نجی سیکٹر پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں