فیس بک نے مشہور آسٹریلوی شیف کا پیج ’غلط معلومات پھیلانے‘ پر بند کر دیا
جمعرات 24 دسمبر 2020 7:59
شیف پیٹ اوانز کا انسٹاگرام پیچ تاحال فعال ہے جہاں ان کو دو لاکھ 78 ہزار افراد فالو کرتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
فیس بک نے آسٹریلیا کے سیلیبرٹی شیف پیٹ اوانز کا پیج بند کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مشہور شیف کے پیج کے دس لاکھ فالورز تھے اور ان کے پیج کو کورونا وائرس کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے پر بند کیا گیا۔
فیس بک کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’کسی کو بھی کورونا وائرس اور ویکسین کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ یہ انسانی صحت کا معاملہ ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس طرح کے مواد کے خلاف ہماری پالیسی بڑی واضح ہے اور ہم نے شیف پیٹ اوانز کے صفحے کو مسلسل خلاف ورزیوں کی بنیاد پر ہٹا دیا ہے۔‘
شیف پیٹ اوانز کا انسٹاگرام پیچ تاحال فعال ہے جہاں ان کو دو لاکھ 78 ہزار افراد فالو کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ انسٹاگرام بھی فیس بک کی ہی ملکیت ہے۔
پیٹ اوانز کے انسٹاگرام پوسٹس میں سڈنی کے شہریوں کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ نہ کروانے کے لیے اور صحت کے حکام کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے پر اکسایا جاتا ہے۔
آسٹریلیا کا سب سے بڑا شہر فی الوقت روزانہ ایک سو سے زائد کورونا وائرس کیسز سے نمٹ رہا ہے۔
پیٹ اوانز نے جمعرات کو انسٹاگرام پر کہا ہے کہ انہیں اظہار رائے کی آزادی کے بارے میں ہونے والی گفتگو کی 'وجوہات میں سے ایک بننے' پر خوشی ہے اور کہا کہ وبا کے بارے میں کی جانے والی سائنسی باتیں فضول ہیں۔
اس سے قبل پیٹ اوانز ڈائٹنگ کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے کے لیے مشہور تھے اور اس کا مقصد تجارتی ہوتا تھا۔
رواں سال کے اوائل میں انہوں نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'وبا ایک جھوٹ ہے۔'