Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی ٹیم 239 پر آؤٹ، پہلی اننگز میں 192 رنز کا خسارہ

جب فواد عالم نو رنز بنا کر وانگر کی گیند پر پویلین لوٹے تو سکور بورڈ پر 80 کا ہندسہ تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
ماؤنٹ منگنوئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن پہلے پاکستان کی پوری ٹیم 239 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اور یوں پہلی اننگز میں 192 رنز کے خسارے کا شکار ہوئی ہے۔
پیر کو کھیل کے آغاز پر پاکستانی بلے بازوں کی وکٹوں کی جھڑی لگی اور کچھ دیر کے لیے بارش نے بھی کھیل میں مداخلت کی۔
محمد رضوان نے فہیم اشرف کے ساتھ مل کر بیٹنگ لائن کو مکمل تباہی سے بچایا اور ساتویں وکٹ کی شراکت میں 107 رنز کی پارٹنرشپ کی جس کو نیوزی لینڈ کے فیلڈر سانٹنر کی تھرو نے توڑا۔
نیوزی لینڈ کے 431 رنز کے پہاڑ جیسے مجموعی کے جواب میں کھیل کے تیسرے دن پاکستان نے 30 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر اپنی باری دوبارہ شروع کی تو کافی دیر تک سست روی سے کھیلنے والے اوپنر عابد علی 25 رنز بنانے کے بعد جمیسن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
پاکستان کا مجموعی سکور اس وقت 39 تھا۔ اس کے بعد تو گویا بلے بازوں کے آںے جانے کا سلسلہ ہی شروع ہو گیا جس کو محمد رضوان اور فہیم اشرف کی جوڑی کے ساتھ ساتھ بارش اور اولوں نے روکا۔

 

پاکستان کی تیسری وکٹ 43 رنز پر گی جب نائٹ واچ مین محمد عباس آؤٹ ہوئے۔ چوتھی 51 پر جب اظہر علی پانچ رنز بنانے کے بعد ٹیم ساؤتھی کی گنید پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔
اس کے بعد حارث سہیل بھی صرف تین رنز بنا کے ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ جب فواد عالم نو رنز بنا کر وانگر کی گیند پر پویلین لوٹے تو سکور بورڈ پر 80 کا ہندسہ تھا اور پاکستان کے چھ مستند بلے باز آؤٹ ہو چکے تھے۔
اس کے بعد بارش کی آنکھ مچولی شروع ہوئی اور کریز پر کھڑے محمد رضوان نے فہیم اشرف کے ساتھ مل کر ٹیم کے سکور کو آگے بڑھانے کا بیڑا اٹھایا۔
وکٹ کیپر بلے باز نے اپنی نصف سینچری مکمل کی اور فہیم اشرف کے ساتھ مل کر 107 رنز جوڑے اور سکور کو 187 تک پہنچایا جب سانٹنر کی تھرو پر رضوان 71 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ یاسر شاہ کی گری جو چار رنز بنانے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
196 پر آٹھ وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف نے شاہین آفریدی کے ساتھ مل کر سکور کو 234 تک پہنچا دیا۔ شاہین آفریدی آؤٹ ہوئے تو کچھ دیر بعد فہیم اشرف بھی 91 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

شیئر: