Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں بھی نئی قسم کے کورونا وائرس کی تصدیق

کورونا وائرس کی نئی شکل کی جن افراد میں شناخت ہوئی ہے وہ حال ہی میں برطانیہ سے آئے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں کورونا وائرس کی نئی شکل کے چھ نئے کیسز کی شناخت ہوئی ہے۔ یہ تمام مریض حال ہی میں برطانیہ سے لوٹے ہیں، جہاں پہلی باروائرس کی یہ نئی شکل سامنے آئی تھی اور صرف کچھ دنوں میں کیسز کی تعداد بڑھ گئی ہے۔
 انڈین نیوز چینل کی ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کے مطابق چھ میں سے تین مریض بنگلور، دو حیدرآباد اور ایک پونے میں ہے۔
حکام نے کہا ہے کہ تمام مریضوں کو آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے اور ان سے جو قریبی رابطے میں رہے ہیں انہیں بھی قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ انڈیا میں نومبر 25 سے دسمبر 23 کے دوران 33 ہزار مسافر برطانیہ سے آئے ہیں جن میں سے 114 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
جن ریاستوں میں یہ افراد گئے ہیں وہاں حکومت ان سے رابطے میں آنے والوں کا پتا لگا رہی ہے۔
برطانیہ سے سامنے آنے والی کورونا وائرس کی یہ نئی شکل ایک ایسے وقت پھیل رہی ہے جب انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز میں ستمبر کے بعد سے کمی آنے لگی تھی۔
انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16 ہزار 432 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں، جو کہ جون 24 کے بعد سے سب سے کم ہیں، جب 15 ہزار 968 کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔

انڈیا کی چار ریاستوں میں پیر سے کورونا وائرس کی ویکسینیشن کے ٹرائل کا آغاز کر دیا گیا ہے (فوٹو:ٹوئٹر)

دوسری جانب انڈیا کی چار ریاستوں میں پیر سے کورونا وائرس کی ویکسینیشن کے ٹرائل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ ٹرائل شمال مشرقی آسام، پنجاب کی شمالی ریاست، آندھرا پردیش کی جنوبی ریاست اور گجرات کی مغربی ریاست میں کیے جا رہے ہیں۔ ان تمام ریاستوں کے دو اضلاع اس سارے عمل میں شامل ہوں گے۔
ضلع لدھیانہ میں سول سرجن ڈاکٹر راجیش کمار نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’آج ہم کووڈ 19 ویکسین کا شہری اور دیہی علاقوں میں ٹرائل کریں گے۔‘
ضلع میں ساتھ بوتھ بنائے گئے ہیں جن میں سے ہر ایک میں 25 افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔
راجیش کمار نے بتایا کہ ’یہ ایک ڈمی ویکسین ہے۔ جس شخص کو ویکسین لگے گی اسے کچھ معلومات دی جائیں گی جیسے کہ اس نے کیا مشاہدہ کرنا ہے، کس کو آگاہ کرنا ہے۔ ہم اس شخص کو فوری ریسپانس دیں گے تاکہ وہ کسی بھی سائیڈ افیکٹ کی صورت میں ہمیں بتا سکے۔‘

شیئر: