Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خصوصی انتظامات، عمرہ 75 منٹ میں مکمل ہونے لگا

سعی کرنے میں 42 منٹ لگتے ہیں۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں مسجد الحرام و مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی نے کہا ہے کہ طواف سے لے کر سعی تک عمرے کے سارے کام 75 منٹ میں انجام پا رہے ہیں۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق جنرل پریذیڈنسی نے تین ہزار 275 عمرہ زائرین کے ساتھ  کئے گئے دو جائزوں کے نتائج جاری کیے ہیں۔ 

مطاف سے صفا تک پہنچنے میں 8 منٹ لگتے ہیں۔ (فوٹو: حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی)

جائزہ نگاروں کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے ماحول میں طواف کا اوسط دورانیہ 25 منٹ، مطاف سے صفا تک پہنچنے کا دورانیہ آٹھ منٹ جبکہ صفا اور مروہ کے دوران سعی کا اوسط دورانیہ 42 منٹ ریکارڈ  کیا گیا ہے۔ اس طرح طواف سے لے کر سعی کے اختتام تک عمرے کے سارے کام مجموعی طور پر 75 منٹ میں انجام دیے جارہے ہیں۔  
جائزے میں کہا گیا کہ عمرہ زائرین وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر سے مطمئن نظر آئے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ وبا کے ہنگامی ماحول میں عمرہ کے لیے جو آسانیاں مہیا کی گئی ہیں وہ تسلی بخش ہیں۔

تیسرے مرحلے میں روزانہ 20 ہزار عمرہ زائرین کو موقع دیا جارہا ہے۔ (فوٹو: حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی)

یاد رہے کہ سعودی عرب  نے نومبر 2020 کے شروع میں بیرون مملکت سے زائرین کو محدود عمرہ پروگرام متعارف کرایا تھا۔ مملکت نے کورونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تاریخ میں پہلی بار عمرہ عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔ 
سعودی عرب نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے عمرہ، زیارت اور نماز باجماعت کی بحالی کا آغاز کیا تھا پھر بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کو مملکت آنے کی اجازت دی گئی۔ تیسرے مرحلے میں یومیہ 20 ہزارعمرہ زائرین اور 60 ہزار افراد کو حرم شریف میں نماز ادا کرنے کا موقع دیا جارہا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: