اماراتی سفیر کی وفاقی وزیر عمر ایوب اور زبیدہ جلال سے ملاقات
اماراتی سفیر کی وفاقی وزیر عمر ایوب اور زبیدہ جلال سے ملاقات
بدھ 6 جنوری 2021 17:53
بین الاقوامی دفاعی نمائش اور کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے وفاقی وزیر توانائی عمرایوب خان اور وفاقی برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال سے ملاقات کی ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور پر اور موجودہ علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے ان تجربات پر بات چیت بھی ہوئی جو کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے میں حاصل ہوئے جبکہاس عالمی وبا کے اثرات کو روکنے اور محدود رکھنے کی خاطر بین الاقوامی تعاون اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اماراتی سفیر نے دونوں ممالک کے تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور انہیں تمام شعبوں میں فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پاکستانی وزیر کو آئندہ ماہ امارات میں ہونے والی بین الاقوامی دفاعی نمائش اور کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
اماراتی سفیر نے کہا کہ یہ نمائش اورکانفرنس دفاعی شعبے میں ہونے والی ترقی اور پیشرفت کے اظہار کا اہم موقع ہوگا، اس سے شریک فریقین اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان نئی شراکت داری کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
زبیدہ جلال نے دونوں ممالک کے مثالی تعلقات کو سراہتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی دفاعی صنعت کی ستائش کی اور باہمی دلچسپی و مفاد کے تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کےلیے پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔
دریں اثنا امارات كے سفیرحمد عبید الزعابی نے وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان سے بھی ملاقات کی ہے۔
دوطرفہ تعلقات اور مستقبل میں باہمی اشتراک عمل كو بڑھانے كے طریقوں پر تبادلہ خیال كیا گیا۔