انڈیا: ہسپتال میں آتشزدگی سے 10 نوزائیدہ بچے ہلاک
ہفتہ 9 جنوری 2021 8:05
شبانو علی -اردو نیوز، ممبئی
وزیراعظم مودی نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ فوٹو: اے این آئی ٹوئٹر
انڈیا کی مغربی ریاست مہاراشٹر کے ضلع بھنڈارہ کے ایک ہسپتال میں آتشزدگی کے باعث دس نوزائیدہ بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق آگ سنیچر کو علی الصبح بھنڈارا کے ضلعی ہسپتال کے سک نیوبارن کیئر یونٹ یعنی بیمار نوزائيدہ بچوں کے شعبے لگی۔ پولیس کے مطابق سات بچوں کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔
یہ جگہ مہاراشٹر کے معروف شہر ناگپور سے قریب ہے جبکہ یہ ریاستی دارالحکومت ممبئی سے تقریبا ایک ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
انڈیا کے وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی مرنے والے بچوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
حزب اختلاف کے رہنما اور رکن پارلیمان راہل گاندھی نے مہاراشٹر حکومت سے اپیل کی ہے کہ متاثرین کے اہل خانہ کی جلد از جلد ہر ممکن امداد کی جائے۔
خبررساں ادارے اے این آئی کے مطابق ریاست کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے مرنے والے بچوں کے لواحقین کے لیے پانچ، پانچ لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔
ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نوزائیدہ بچوں کی موت عمارت میں دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی۔
مقامی میڈیا کے مطابق جب عملے نے یونٹ کا دروازہ کھولا تو اندر کافی دھواں بھرا ہوا تھا۔ اس کے بعد اعلیٰ عہدیداروں کو واقعے سے آگاہ کیا گیا۔
ضلع بھنڈارہ کے ایس پی وسنت جادھو نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سول سرجن ڈاکٹر پرمود کھانڈیت نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ تین چار بچے جل کر ہلاک ہوئے اور باقی بچوں کی موت آکسیجن کی فراہمی بند ہونے کی وجہ سے ہوئی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بعض بچے اسی ہسپتال میں پیدا ہوئے تھے جبکہ بعض دوسری جگہ پیدا ہوئے تھے لیکن پیدائش میں پیچیدگی کے بعد وہاں داخل کرائے گئے تھے۔
آتشزدگی کی وجہ معلوم کرنے کی تحقیقات ابھی نہیں ہو سکیں تاہم میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بظاہر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہو سکتا ہے۔