ثقافتی ترقیاتی فنڈ کے تحت مقامی فن کو معیشت کا حصہ بنانے کے اقدامات
ثقافتی ترقیاتی فنڈ کے تحت مقامی فن کو معیشت کا حصہ بنانے کے اقدامات
اتوار 10 جنوری 2021 19:56
ثقافتی پیشوں کے پہلے مرحلے میں تھیٹر پروڈیوسر، ٹیکسٹائل ڈیزائنراور دیگر شامل ہیں۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کا ثقافتی ترقیاتی فنڈ، ثقافتی شعبے کو ترقی دینے کیلئے متعلقہ اداروں اور غیر منافع بخش تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے واس کے مطابق یہ بات ثقافتی ترقیاتی فنڈکے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بدر بن حسین الزاہرانی نے بتائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی فن اور ثقافت کی مجموعی مقامی پیدا وار یعنی جی ڈی پی میں شراکت داری میں سالانہ تقریباً4.6 ارب ریال اضافہ کرنے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
الزاہرانی نے کہا کہ یہ فنڈ معیار زندگی پروگرام سے متعلق سماجی بہبود کے انڈیکس کو فروغ دے گا۔مملکت نے مقامی فن و ثقافت کواجاگر کرنے اور اس شعبے کو ملکی معیشت کا اہم حصہ بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔
گزشتہ برس 80 سے زائد ثقافتی پیشوں کو پہلے مرحلے میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی تھی جن میں تھیٹر پروڈیوسر، فلم ڈائریکٹر، لائٹنگ ڈیزائنر، دستاویزات اور مخطوطات کی بحالی کے ماہر، نمائش کے ڈیزائنر، ٹیکسٹائل ڈیزائنر، کیوریٹراور دیگرایسے بنیادی ثقافتی پیشے شامل ہیں جن میں سعودی تخلیق کار سرگرم ہیں۔
ان پیشوں میں ثقافت کے تمام شعبے مثلاً وراثت، زبان ، کتب اور طباعت، لائبریریز، فیشن، تھیٹر اور پرفارمنگ آرٹس،پکوان کے فنون، فلمیں، عجائب گھر، بصری فنون، تہوار اور ثقافتی پروگرام، تعمیر اور ڈیزائن کا فن، اس کے ساتھ ساتھ ثقافتی شعبے اور ملٹی میڈیا ڈیزائن کی تعلیمی ترقی کے پیشے شامل ہیں۔