لاہور میں کرکٹر شعیب ملک کی کار کو حادثہ
اتوار 10 جنوری 2021 20:29
عینی شاہدین کے مطابق ان کی سپورٹس کار کھانا لانے والے ٹریلر کے پچھلے حصے سے ٹکرائی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پاکستان ٹیم کے کرکٹر شعیب ملک کی کار کو حادثہ پیش آیا ہے تاہم اس میں وہ محفوظ رہے ہیں۔
شعیب ملک قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل ڈرافٹنگ تقریب کے فوری بعد گھر جاتے ہوئے قذافی سٹیڈیم کے باہر ہی حادثے کا شکار ہوئے۔
قومی کرکٹر شعیب ملک پی ایس ایل ڈرافٹ کے اختتام پر جیسے ہی تقریب سے نکلے تو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے باہران کی کار ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق ان کی سپورٹس کار کھانا لانے والے ٹریلر کے پچھلے حصے سے ٹکرائی جس سے کار کا اگلا حصہ پوری طرح تباہ ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق شعیب ملک اکیلے اور قدرے تیز گاڑی چلا رہے تھے۔
اس حادثے میں شعیب ملک مکمل طور پر محفوظ رہے۔ اس کے بعد جائے وقوعہ پر ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں۔ جبکہ شعیب ملک تھوڑی دیر کے بعد فیلڈنگ کوچ عبدالمجید کے ساتھ دوسری گاڑی میں جائے حادثہ سے روانہ ہو گئے۔
حادثے کے بعد شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ’میں باکل ٹھیک ہوں، حادثہ اتفاق سے پیش آیا، اللہ تعالی نے مجھ پرمہربانی کی۔‘ انہوں نے کہا ’میری خیریت دریافت کرنے والوں کا شکریہ اداکرتا ہوں، آپ لوگوں کے محبت اور پیار پر شکر گزار ہوں۔‘