سبق ویب سائٹ کے مطابق نمازیوں نے یہ دیکھ کر کہ ایک انڈین پابندی سے مسجد نماز کے لیے آتا تھا تین روز سے نہیں آرہا ہے۔ انہوں نے اس فیملی سے رابطہ کیا جس کے یہاں وہ ڈرائیور کے طور پر کام کررہا تھا۔ ڈرائیور ایک استراحہ (گیسٹ ہاؤس) سے متصل روم میں سکونت پذیر تھا۔
سیکیورٹی اہلکار اس کی رہائش پہنچے تو کمرہ بند تھا جبکہ اس سے بدبو آ رہی تھی۔ دروازہ توڑا گیا تو پتہ چلا کہ وہ اپنے بستر پر مردہ پڑا ہوا ہے۔
بستر کے برابر میں کوئلے کی انگیٹھی رکھی ہوئی تھی کوئلے راکھ میں تبدیل ہوچکے تھے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ انگیٹھی کی وجہ سے کمرے میں موجود آکسیجن ختم ہوگئی تھی اسی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی ہوگی۔
شقرا میں شہری دفاع نے بیان میں خبردار کیا کہ بند مقامات پر لکڑی یا کوئلے گرماہٹ کے لیے استعمال نہ کیے جائیں۔
مملکت میں مختلف مقامات پر مقامی شہری اور بعض غیرملکی گرماہٹ حاصل کرنے کے لیے خیموں اور کمروں میں لکڑی اور کوئلے کی انگیٹھی استعمال کرتے ہیں۔