امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ مواخذے کی کارروائی سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’نااہل‘ قرار دینے کے لیے ایوان میں قرارداد پیش کی جائے گی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ نائب صدر مائیک پینس اور کابینہ مواخذے سے پہلے صدر ٹرمپ کو ان کے عہدے سے برطرف کریں۔
ایوان نمائندگان کی سپیکر کی طرف سے جاری کیے گئے ایک خط کے مطابق پیر یا منگل کو ایوان ایک قرارداد کے لیے ووٹ کرے گا اور مائیک پینس سے اپیل کی جائے گی کہ وہ امریکی آئین کی 25 ویں ترمیم کا اطلاق کریں۔
مزید پڑھیں
-
صدر ٹرمپ کے حامیوں کا کیپیٹل ہل پر دھاوا، چار ہلاک، 52 گرفتارNode ID: 530396
-
جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں شریک نہیں ہوں گا: ٹرمپNode ID: 530866
-
’ٹرمپ استعفیٰ دیں یا مواخذے کی کارروائی کا سامنا کریں‘Node ID: 530911
یہ ترمیم نائب صدر اور کابینہ کو اجازت دیتی ہے کہ اگر صدر اپنے فرائض ٹھیک طریقے سے نہیں نبھا پا رہے تو انہیں عہدے سے بر طرف کر دیا جائے۔
نینسی پلوسی نے مزید لکھا کہ ’اس کے بعد ایوان مواخذے کی کارروائی کرے گا۔‘
روئٹرز کے مطابق ایوان کے 210 ارکان نے مواخذے کی حمایت کی ہے۔
واضح رہے کہ واشنگٹن میں کیپیٹل ہل پر اپنے حامیوں کی جانب سے دھاوے کے بعد صدر ٹرمپ پر مستعفی ہونے کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔
پرتشدد مظاہرے کے دوران چار افراد کی ہلاکت ہوئی جبکہ پولیس نے 52 افراد کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی۔
