Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں شریک نہیں ہوں گا: ٹرمپ

سابق صدر اوبامہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ جو بائیڈن کی حلف برادری کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔
خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کے مطابق صدر ٹرمپ حلف برداری کی تقریب سے ایک دن پہلے 19 جنوری کو وائٹ ہاؤس سے رخصت ہو جائیں گے۔
صدر ٹرمپ کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے فوری بعد ریاست فلوریڈا میں واقع اپنے مارا لاگو نامی ریزارٹ جائیں گے۔
امریکہ کے قانون کے مطابق نئے صدارتی دور کا آغاز 20 جنوری کو ہوتا ہے۔
اسی دن نو منتخب صدر ایک تقریب کے دوران اپنے عہدے کا حلف اٹھاتا ہے۔ یہ حلف سپریم کورٹ کا چیف جسٹس لیتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے جمعے کے روز ٹویٹ میں تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ 20 جنوری کو منعقد ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔
ایک اور ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے اپنے حامیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ جن 7 کروڑ 50 لاکھ امریکیوں نے انہیں ووٹ دیا تھا، ان کی کبھی بھی بے عزتی نہیں کی جائے گی اور نہ ہی کسی بھی طرح کا غیر منصفانہ برتاؤ رکھا جائے گا، ان کی آواز کو مستقبل میں بھی سنا جائے گا۔‘
خیال رہے کہ بدھ کو صدر ٹرمپ کے حامیوں نے امریکی کانگریس کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا اور سینیٹ میں داخل ہو گئے تھے جہاں نو منتخب صدر جو بائیڈن کے انتخاب کی توثیق کا عمل جاری تھا۔
چند گھنٹوں تک ہنگامہ آرائی اور افراتفری کی صورت حال کے بعد پولیس نے کانگریس کی عمارت مظاہرین سے خالی کروا لی تھی اور صورتح ال پر قابو پا لیا گیا تھا جس کے بعد  کانگریس کا اجلاس دوبارہ شروع ہوا۔

پرتشدد مظاہرین کانگریس کی عمارت میں داخل ہو گئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

روئٹرز کے مطابق پرتشدد مظاہرے کے دوران چار افراد کی ہلاکت ہوئی تھی جبکہ پولیس نے 52 افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔
نومنتخب صدر جوبائیڈن نے کانگریس پر مظاہرین کے حملے کو امریکی جمہوریت کا تاریک ترین واقعہ قرار دیا تھا۔ جو بائیڈن نے ٹویٹ کرتے ہوئے صدر ٹرمپ پر زور دیا تھا کہ وہ آگے بڑھیں اور تشدد کو مسترد کریں۔
خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے پہلے مظاہرین کو کانگریس جانے کی ترغیب دی تھی۔

شیئر: