سعودی عرب میں تمام غیر ملکیوں کو ڈیجیٹل اقامہ جاری کروانے کی ہدایت
ابشر ویب وسائٹ اور ایپ کے ذڑیعہ ڈیجیٹل اقامہ حاصل کیا جاسکتا ہے( فوٹو: ٹوئٹر)
مکہ مکرمہ ریجن میں محکمہ پاسپورٹ کی طرف سے ملک میں موجود تمام غیر ملکیوں کو ڈیجیٹل اقامہ جاری کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’ابشر ویب سائٹ اور ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل اقامہ جاری کروایا جاسکتا ہے۔‘
محکمے نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل اقامہ کی کاپی موبائل میں محفوظ کی جاسکتی ہے۔ ابشر ایپ کے لیے انٹر نیٹ کی ضرورت نہیں۔
’ڈیجیٹل اقامے کی وہی حیثیت ہے جو اقامہ کارڈ کی ہے، اقامہ کارڈ نہ ہونے کی صورت میں ڈیجیٹل اقامہ اس کا متبادل ہوگا۔‘
یاد رہے کہ محکمہ پاسپورٹ نے گذشتہ دنوں ڈیجیٹل اقامے کا اجرا کیا تھا جسے ابشر ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
چھ جنوری کو محکمہ پاسپورٹ کے ترجمان ناصرالعتیبی نے بتایا تھا کہ’ مقیم غیر ملکیوں کی ڈیجیٹل شناختی دستاویز کی تصدیق ’ابشر افراد‘ کی ایپ کے ذریعے آن لائن کی جا سکے گی‘۔
’یہ ایپ سمارٹ فون پر ڈاون لوڈ کی جا سکتی ہے۔ اسے استعمال کرنے کے لیے انٹرنیٹ ضروری نہیں ہوگا‘۔
سعودی معاون وزیر داخلہ برائے تکنیکی امور شہزادہ بندر بن عبداللہ بن مشاری نے کہا ہے کہ ’ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے اجرا کے بعد پلاسٹک کارڈ یا اقامہ ہمراہ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی‘۔
’بینکوں، کمپنیوں اور ایک دوسرے کے ساتھ لین دین کے وقت ڈیجیٹل شناخت پر بھروسہ کرسکیں گے۔ کسی بھی فرد یا ادارے یا سیکیورٹی ادارے میں اپنی پہچان کرانے کے لیےگواہ لانے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی‘۔