Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی وبا نے دنیا میں ہجرت کرنے والوں کی تعداد 30 فیصد کم کر دی: اقوام متحدہ

رپورٹ کے مطابق 2020  میں 28 کروڑ 10 لاکھ افراد اپنے ملک سے باہر رہ رہے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے عالمی سطح پر ہجرت کرنے والوں کی شرح تقریباً 30 فیصد تک کم ہوئی اور 2019 سے 2020 کے دوران متوقع تعداد سے 20 لاکھ کم افراد نے اپنے ملکوں کو چھوڑا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ  کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2020  میں 28 کروڑ دس لاکھ افراد اپنے ملکوں سے دور رہائش پذیر تھے۔
انٹرنیشنل مائیگریشن 2020 کے عنوان سے جاری ہونے والی اس رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ رجسٹرڈ شدہ مہاجرین کا دو تہائی حصہ 20 ممالک میں قیام پذیر ہے جن میں امریکہ سرفہرست ہے جہاں 2020 میں پانچ کروڑ 10 لاکھ تارکین رہ رہے تھے۔
دوسرے نمبر پر جرمنی ہے جہاں ایک کروڑ 60 لاکھ جبکہ سعودی عرب میں ایک کروڑ تیس لاکھ، روس ایک کروڑ 20 لاکھ اور برطانیہ میں نوے لاکھ مہاجرین رہ رہے ہیں۔
انڈیا ان ممالک میں سرفہرست ہے جہاں کے شہریوں نے دوسرے ملکوں کو ہجرت کی، 2020 میں ایک کروڑ 80 لاکھ افراد نے اپنے اس آبائی ملک کو چھوڑ کر نقل مکانی کی۔
تارکین وطن کی بڑی تعداد رکھنے والے دیگر ممالک میں میکسیکو اور روس شامل ہیں جہاں ایک کروڑ دس لاکھ مہاجر قیام پذیر ہیں جبکہ چین میں ایک کروڑ اور شام میں 80 لاکھ تارکین رہ رہے ہیں۔
2020 میں بین الاقوامی تارکین کی سب سے بڑی تعداد آٹھ کروڑ سات لاکھ  یورپ میں رہائش پذیر رہی۔

شیئر: