کورونا کے بعد مسجد الحرام آنے والوں کی تعداد 67 لاکھ سے تجاوز
کورونا کے بعد مسجد الحرام آنے والوں کی تعداد 67 لاکھ سے تجاوز
پیر 18 جنوری 2021 17:43
عمرہ زائرین کی تعداد 17 لاکھ 94 ہزار رہی ہے( فوٹو ٹوئٹر وزارت حج)
سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے بعد سے اب تک عمرہ اور نماز کے لیے مسجد الحرام آنے والوں کی تعداد 67 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عمرہ زائرین اور نمازیوں کے یہ اعدادوشمار 4 اکتوبر 2020 سے 16 جنوری 2021 تک کے ہیں۔
مقدس مساجد کی انتظامیہ نے بیان میں بتایا کہ ان میں 17 لاکھ 94 ہزار عمرہ زائرین تھے جبکہ نمازیوں کی تعداد 50 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
یاد رہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر نماز اور عمرے کے لیے جانے والوں پر یہ پابندی ہے کہ وہ ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے نماز اورعمرے کا اجازت نامہ حاصل کریں۔ یہ پابندی بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین پر بھی لاگو کی جارہی ہے۔