ریاض کے قریب گودام میں آگ بجھا دی گئی
آتشزدگی کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔(فوٹو الوطن)
سعودی عرب میں ریاض کی مغربی کمشنری المزاحمیہ کے گودام اور دکان میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
المزاحمیہ کمشنری دارالحکومت ریاض کے مغرب میں واقع ہے۔ کنگ عبدالعزیز روڈ کےجنوب میں واقع رہائشی محلے میں پلمبنگ اور تعمیراتی سامان کے گودام میں آگ لگی تھی۔
الوطن اخبار کے مطابق شہری دفاع، پولیس، ٹریفک، بلدیاتی کونسل اور ہلال احمر کے اہلکاروں نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔
مقامی باشندوں نے شکوہ کیا ہے کہ اس گودام سمیت دیگر گوداموں سے ممکنہ خطرات کے بارے میں متعلقہ حکام کو آگاہ کرچکے تھے۔ خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ آبادی میں موجود گودام جانی و مالی نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔
ریاض ریجن میں شہری دفاع کے عہدیدار نے بتایا کہ آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آتشزدگی کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔