Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں کورونا کیسز میں اضافہ کیوں؟

سرد موسم میں بھی وائرس کے فعال ہونے میں معاون ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں اچانک کورونا کیسزمیں ہونے والے اضافے کے بارے میں وزارت صحت کے سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ عسیری کا کہنا تھا کہ کیسز میں اضافے کا اہم سبب موسم سرما کی چھٹیوں میں لوگوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر پرعمل نہ کرنا شامل ہے۔
ویب نیوز ’اخبار 24 ‘ کے مطابق ڈاکٹر عسیری نے مزید کہا وزارت صحت کی جانب سے مقرر کردہ کوروناایس اوپیز کا مقصد لوگوں کو اس مہلک وائرس سے محفوظ رکھنا ہے جس کے لیے لازمی ہے کہ مقررہ ضوابط پرمکمل طور پر عمل کیاجائے۔

ماہ رواں کے آغاز میں کورونا کیسز میں نمایاں کمی ہو رہی تھی(فوٹو، ایس پی اے)

کورونا سے بچاو کے لیے سب سے اہم نکتہ سماجی فاصلہ برقراررکھنا ہے کیونکہ کورونا وائرس تیزی سے ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہوتا ہے اگر سماجی فاصلے کے اصول پرمکمل طور پر عمل کیاجائے تو اس مہلک وائرس سے محفوظ رہا جاسکتاہے۔
ڈاکٹر عسیری نے مصدقہ کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے حوالے سے مزید کہا کہ عام طورپر موسم سرما میں نظام تنفس پر حملہ آور ہونے والے جرثوموں کی قوت میں بھی اضافہ ہوجاتاہے جس سے اس وائرس کے پھیلاو میں مدد ملتی ہے۔
سیکرٹری صحت ڈاکٹر عبداللہ عسیری نے مزید کہا کہ کورونا سے بچاو کےلیے لازمی ہے کہ مقررکردہ ایس اوپیز پر سختی سے عمل کرتے ہوئے خانگی تقریبات کو محدود کریں تاکہ اس وائرس بچا جاسکے۔
سماجی فاصلے کے اصول کو برقراررکھیں اور گھروں سے نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کیاجائے ، ہاتھوں کی صفائی کا ہر وقت خیال رکھیں۔

موسم سرماکی تعطیلات کے ایس اوپیز پر مکمل طور پرعمل نہیں کیاگیا(فوٹو، ٹوئٹر)

واضح رہے چند روز سے سعودی عرب کے مختلف ریجننز میں کورونا وائرس کے کیسز میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ گزشتہ ہفتے کے دوران مصدقہ کیسز کی تعداد 100 سے بھی کم ہوگئی تھی۔
گزشتہ روز 20 جنوری کومملکت کے مختلف شہروں میں کورونا کے 238 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ کورونا کے ایکٹیوکیسز کی تعداد میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔

شیئر: