درآمدی گوشت کے حلال کا سرٹیفکیٹ رابطہ اسلامی جاری کرسکتا ہے
ریاض.... سعودی ایف ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ بیرون مملکت سے درآمد کی جانیوالی مرغیوں اور جانوروں کا گوشت حلال ہے۔ سعودی ایف ڈی اے نے یہ وضاحت ایک خلیجی ٹی وی چینل سے پھیلائے جانیوالے اس وڈیوکلپ پر تبصرہ کرتے ہوئے دی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سعودی عرب مرغیوں اور مویشیوں کا گوشت بھیجا جارہا ہے جوحلال نہیں۔ سعودی ادارے نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب سمیت تمام خلیجی ممالک مرغیوں اور جانوروں کے ذبح کرنے کے اسلامی طریقے کی پابندی کی شرط لگائے ہوئے ہیں اس کے بموجب ، بجلی کے کرنٹ سے جانوروں اور مرغیوں کو ذبح کرنے کی اجازت نہیں ۔جو کمپنی بھی سعودی عرب کو مرغیوں اور جانوروں کا گوشت بھیجتی ہے اس سے متعلقہ ادارے کا سرٹیفکیٹ بھی طلب کیا جاتا ہے۔ رابطہ عالم اسلامی نے واضح کیا کہ سعودی عرب میں ”الحلال “کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا مجاز واحد ادارہ صرف اور صرف رابطہ عالم اسلامی ہی ہے۔ ایوان شاہی نے رابطہ عالم اسلامی کو اس بات کا اختیار دے رکھا ہے کہ وہ حلال اشیاءکی مارکیٹنگ اور تیاری کے سلسلے میں شرعی ضوابط کی تکمیل کا ثبوت حاصل کرے ۔اس شعبے میں کام کرنیوالی مقامی و بین الاقوامی کمپنیوں اور اداروں کے ساتھ تعاون کریگا۔ رابطہ عالم اسلامی نے مزید کہا کہ وہ الحلال کے سلسلے میں شرعی اور قانونی ضوابط کے نفاذ میں انتہائی باریک بینی سے کام لیتا ہے۔ رابطہ نے گزشتہ دنوں حلال گوشت کے حوالے سے عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرنیوالی کمپنیوں اور مذابح کے اجازت نامے منسوخ کردیئے تھے۔ سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ نے بھی رابطہ اسلامی کی اس حیثیت کی تائید و حمایت کی ہے۔