Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہر پانچ سال بعد الیکشن کی وجہ سے لانگ ٹرم پلاننگ نہ ہوسکی‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے بجلی مہنگی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ترقی کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی ضروری ہے جبکہ ہمارے ہاں ہر پانچ سال بعد انتخابات ہونے کی وجہ سے سوچ شارٹ ٹرم رہی ہے۔
 جمعرات کو اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہر حکومت کی کوشش رہی کہ پانچ سال کے اندر منصوبے مکمل کرے اور اربوں روپے اشتہارات پر خرچ کر کے لوگوں کو دکھائے اور اسی کے بل پر پھر ووٹ لے۔
وزیراعظم نے اس صورت حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے طویل مدتی منصوبہ بندی نہیں ہو سکی۔
انہوں نے چین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ آج دنیا کی تیز ترین معشیت ہے اور سپرپاور بننے جا رہا ہے اس کی ترقی کی وجہ طویل مدتی منصوبہ بندی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب وہ چین گئے تو وہاں کے حکام نے انہیں ایسے منصوبوں کے بارے میں بتایا جو 10 سے 20  تک کی مدت کے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’لانگ ٹرم منصوبوں کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔‘
وزیراعظم نے مہمند ڈیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے طویل مدتی منصوبہ بندی کے نتیجے میں مکمل ہوتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ چین کی ترقی کی وجہ لانگ ٹرم منصوبہ بندی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے ایک بار پھر 60 کی دہائی کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ یہ تھی کہ اس وقت بجلی سستی تھی۔ وزیراعظم کے بقول پاکستان کی ہائیڈل پاور کی صلاحیت 70 ہزار میگاواٹ ہے۔
ان کے مطابق اگر ضرورت کے مطابق ڈیم بنائے جاتے تو آج صورت حال مختلف ہوتی۔ عمران خان نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی پالیسی کی وجہ سے آج بجلی مہنگی ہے۔

شیئر: