اسرائیل کا ایک اور ڈرون غزہ میں گر کر تباہ
اسرائیلی ڈرون کا حادثہ غزہ پٹی کے جنوب میں پیش آیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیل کا ایک اور ڈرون منگل کو غزہ میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ یہ ایک ہفتے سے کم عرصے میں اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔
فلسطینی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ڈرون کا حادثہ غزہ پٹی کے جنوب میں پیش آیا۔
فلسطینی خبررساں ادارے ’معا‘ کے مطابق اسرائیلی ڈرون جنوبی غزہ کی مشرقی سرحدوں کے قریب گرا ہے۔ اس سے قبل فلسطینی مزاحمت کاروں نے ’ بیت حانون‘ کے مشرق میں ایک اسرائیلی ڈرون پر قبضہ کرلیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے مختصر سا بیان جاری کرکے ڈرون کے گرنے اور تباہ ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس کا ایک ڈرون جنوبی غزہ میں گر کر تباہ ہوا ہے، جو معمول کی پرواز پر تھا- اس واقعے سے خفیہ معلومات لیک ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘
یاد رہے کہ پیر کو لبنان میں حزب اللہ نے لبنانی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ایک اسرائیلی ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ کیا جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کا ایک ڈرون لبنان کی حدود کے اندر گرا ہے۔