’تبوک، ضبا ہائی بند کردی گئی، آج جدہ میں بھی بارش کا امکان ہے‘ ( فوٹو: سبق)
تبوک ریجن کے متعدد شہروں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ ابھی تک وقفے وقفے سے جاری ہے۔
موسلادھار بارش کے باعث تبوک شہر کی سڑکیں زیر آب آگئیں جبکہ نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق موسلادھار باعث کے باعث تبوک، ضبا ہائی وے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔
روڈ سیکیورٹی فورس نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ’مسافروں کی سلامتی کے لیے ہائی وے دونوں طرف سے بند ہے‘۔
’موسلادھار بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث لینڈ سلائڈنگ ہوئی ہے جس کی وجہ سے روڈ کئی جگہوں سے بند ہے‘۔
’محکمہ موسمیات کے ماہرین بادلوں کے نقشوں کا جائزہ لے رہے ہیں‘ (فوٹو: سبق)
دوسری طرف محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’تیما، الوجہ، املج اور ضبا میں تیز بارش ہوئی ہے جس کے باعث حد نگاہ نہ ہونے کے برابر رہی‘۔
’کئی زریں علاقے زیر آب ہیں جبکہ امدادی ٹیمیں سیلابی ریلوں میں پھنس جانے والوں کی مدد کر رہی ہیں‘۔
ادھر محکمہ موسمیات کے سربراہ ڈاکٹر ایمن غلام نے کہا ہے کہ ’تبوک سمیت تمام شہروں میں موسمی کیفیت کا گہرائی سے جائزہ لے رہے ہیں‘۔
’موسمیات کے ماہرین بادلوں کے نقشے دیکھ رہے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں قبل از وقت انتباہ جاری کیا جا رہا ہے‘۔
ادھر جدہ میں بھی آج رات اور کل جمعہ کو درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے جبکہ مدینہ منورہ ریجن میں تیز بارش کا امکان ہے۔
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ جمعرات کو سعودی عرب کے چھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی شروعات تبوک کے ساحلی علاقوں سے ہوگی۔ کہیں بارش درمیانے درجے اور کہیں موسلا دھار ہوگی۔
تبوک سے بارش کا سلسلہ الجوف، حدود شمالیہ، حائل، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ ریجن کے شمالی علاقوں تک پھیلنے کا امکان ہے۔
بیان میں قومی مرکز نے کہا کہ سعودی عرب کے مغربی اور وسطی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی جبکہ رات کے وقت اور صبح سویرے مشرقی ریجن کے متعدد مقامات پر دھند پھیلی ہوئی ہوگی۔
موسمیات کے مرکز کا کہنا ہے کہ جمعرات کو سب سے زیادہ درجہ حرارت 35 سینٹی گریڈ مکہ مکرمہ اور سب سے کم درجہ حرارت 9 سینٹی گریڈ عرعر میں ہوگا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ماہر موسمیات علی الحربی کا کہنا ہے کہ جمعے کی صبح کو بارش کا سلسلہ مملکت کے شمالی علاقوں سے شروع ہونے کا امکان ہےاور جنوب کی جانب بڑھے گا۔ اس سے مملکت کے مغربی ساحل خاص طور پر متاثر ہوں گے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جمعرات کو رات 8 بجے تک تبوک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔