Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کا پلان تیار‘

وزیراعظم عمران خان کو معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی (فوٹو: روئٹرز)
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری نے بیرون ملک پاکستانی ورک فورس اور ترسیلات زر میں اضافے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی۔
جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بیرونی ممالک میں پاکستانی ورک فورس بڑھانے یعنی روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنے کے حوالے اقدامات کیے گئے ہیں اور اس ضمن میں تین سالہ سٹریٹیجی اور ایکشن پلان مرتب کر لیا گیا ہے، جس میں ٹائم لائنز کے ساتھ تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے سٹریٹجی اور ایکشن پلان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اہداف کے حصول کے لیے ٹائم لائنز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نظام حکومت میں اصلاحات کا بنیادی مقصد عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور ہر شعبے میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام اور حکومت کے درمیان تعلق کو مستحکم کرنا اور عوام کو بااختیار بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
بقول ان کے ’اصلاحات کے مقاصد تب تک حاصل نہیں ہوں گے جب تک عام آدمی ان کے نتائج میں واضح فرق محسوس نہیں کرے گا‘

شیئر: