وزیر داخلہ نے تارکین کے لیے نئی آن لائن سروسز کا افتتاح کردیا
جمعرات 4 فروری 2021 21:02
نئی سروسز سے غیرملکیوں کو بہت فائدہ ہوگا- (فوٹو عاجل)
وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کئی نئی آن لائن سروسز کا افتتاح کردیا- ان کی بدولت محکمہ پاسپورٹ سے متعلقہ متعدد کام آسان ہوجائیں گے-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بتایا کہ نئی آن لائن سروسز سے مقیم غیرملکیوں، وزٹ ویزے پر آنے والوں، غیرملکیوں کے اہل و عیال اور ان کی کفالت پر موجود افراد کے کام آسان ہوں گے-
خلیجی تعاون کونسل میں شامل ممالک کے باشندے، وزٹ ویزوں پر آنے والے، غیرملکیوں کے اہل و عیال اور ان کے اقامے پر موجود افراد ابشر اکاؤنٹ کھول سکیں گے- وہ یہ کارروائی اس کمپیوٹر نمبر کی بنیاد پر انجام دے سکیں گے جو انہیں ان کے پاسپورٹ پر سعودی عرب میں داخل ہوتے وقت ہوائی اڈے یا بندرگاہ یا بری سرحدی چوکی پر دیا گیا ہوگا- اندراج کی یہ کارروائی ھویۃ مقیم (اقامہ کارڈ) نمبر کے ذریعے بھی انجام دی جاسکے گی-
وزیر داخلہ نے ’ابشر افراد‘ ایپلی کیشن پر ای ھویہ مقیم کارڈ سروس کا بھی افتتاح کردیا- اس کی بدولت سعودی عرب میں مقیم تمام غیرملکی سمارٹ موبائلز پر ای اقامہ کارڈ محفوظ کرسکیں گے-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں