مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کورونا ایس اوپیز کی 24 ہزار سے زیادہ خلاف ورزیاں
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں انتظامیہ کے دفاتر میں توکلنا ایپ کے بغیر داخلے پر پابندی ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کورونا ایس اوپیز کی 24 ہزار سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آچکی ہیں۔
امن عامہ کے ڈائریکٹر جنرل خالد الحربی نے گزشتہ روز آن لائن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’ مسجد الحرام میں گیارہ ہزار سے زیادہ خلاف ورزیاں ماسک نہ پہننے اور دو ہزار 752 خلاف ورزیاں سماجی فاصلے کی پابندی نہ کرنے کی صورت میں ریکارڈ کی گئی ہیں‘۔
خالد الحربی کا کہنا ہے کہ ’مسجد نبوی میں ماسک نہ پہننے کی آٹھ ہزار193 اور سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے کی دو ہزار519 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئی ہیں‘۔
ادھر مقدس مساجد کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ’ آئندہ کسی بھی شخص کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں انتظامیہ کے دفاتر میں توکلنا ایپ کے بغیر داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ کوتاہی کرنے والوں کا احتساب ہوگا۔‘
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے ہدایت کی ہے کہ’ سب لوگ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کورونا ایس او پیز کی پابندی کریں۔ دونوں مساجد کی انتظامیہ کے دفاتر میں توکلنا ایپ کے بغیر داخل ہونے کی کوشش نہ کریں‘۔
السدیس نے کہا کہ صحت حکام نے خبردار کیا ہے کہ’ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد میں لاپروائی کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ مقدس مساجد کے زائرین اور کارکنان کی صحت و سلامتی کے تحفظ کی خاطر سب لوگ کورونا ایس او پیز کی سختی سے پابندی کریں‘۔