جازان بندرگاہ میں سرمایہ کاری کے لیے بین الاقوامی کمپنی سے معاہدہ
جازان بندرگاہ میں سرمایہ کاری کے لیے بین الاقوامی کمپنی سے معاہدہ
منگل 16 فروری 2021 18:17
جازان پورٹ سے تجارت کا پہلا مرحلہ رواں سال شروع کر دیا جائے گا (فوٹو: عرب نیوز)
جازان کے گورنر شہزادہ محمد بن ناصر بن عبد العزیز نے جازان کی بندرگاہ میں سرمایہ کاری اور اس کو آپریشنل کرنے کے لیے بین الاقوامی کمپنی کے ساتھ ایک معاہدے پر پیر کو دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخوریف نے بھی شرکت کی۔
اس معاہدے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ جازان کی بندرگاہ افریقی ممالک اور دیگرابھرتی ہوئی مارکیٹوں کے لیے سمندری ٹرانسپورٹ کی بہترین راہداری پر واقع ہے۔
اس موقع پر وزیر صنعت نے بتایا کہ اس بندرگاہ کی ترقی سے بین الاقوامی نقل وحمل کے مرکز کے طور پر سعودی عرب میں تجارت کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔
وزیر صنعت نے مزید بتایا کہ جازان بندرگاہ میں کنٹینر ٹرمینل مختلف قسم کے سامان کی خشک گودی اور کارگو سروس کے لیے ٹرمینلز موجود ہیں اور یہ ٹرمینلز سامان کی ہینڈلنگ کے جدید ترین آلات سے لیس ہیں۔
اس تقریب میں بتایا گیا کہ جازان کی بندرگاہ پر تجارتی سرگرمیوں کا پہلا مرحلہ رواں سال ہی شروع کر دیا جائے گا۔