ریاض کی مساجد میں 5516 تفتیشی دورے
’تفتیشی دوروں میں 191 خلاف ورزیاں پکڑی گئی ہیں جن کا موقع پر ازالہ ہوا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت اسلامی امور ، دعوت و ارشاد کے اہلکاروں نے ریاض میں 5516 تفتیشی دورے کیے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت کے ریاض دفتر کے سربراہ ڈاکٹر احمد بن عبد اللہ الفارس کی نگرانی میں ہونے والے تفتیشی دوروں میں 191 خلاف ورزیاں پکڑی گئی ہیں جن کا موقع پر ازالہ ہوا ہے۔
ڈاکٹر احمد الفارس نے کہا ہے کہ ’تفتیشی ٹیموں نے مساجد کے دورے کے دوران نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلہ، جائے نماز اور سینیٹائزنگ کا جائزہ لیا ہے‘۔
’تفتیشی ٹیموں نے نماز کے دوران مسجد کے کھڑکیاں کھلی رکھنے، اذان اور اقامت کے درمیان کا طے شدہ وقت اور ایس او پیز کے دیگر امور کو بھی یقینی بنایا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 26 مساجد کو وقتی طور پر بند کر دیا گیا جبکہ سینیٹائزنگ کے بعد 20 مساجد کھول دی گئی ہیں‘۔
’وزارت اسلامی امور کا ریاض دفتر شہر بھر میں واقع مساجد کا تفتیشی دورہ جاری رکھے گا جبکہ نمازیوں سے بھی حفاظتی تدابیر کی پابندی کی اپیل کی جاتی ہے‘۔