Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوادر: ’امید ہے ایک دن انگلینڈ کی ٹیم یہاں کھیلے‘

گوادر میں کھیلا گیا میچ سوشل ٹائم لائنز پر چھایا رہا (فوٹو: وزارت اوورسیز پاکستانی)
گوادر کرکٹ سٹیڈیم میں شوبز، سیاست اور سماجی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل شوبز شارکس اور گوادر ڈولفنز کے درمیان کھیلا گیا دوستانہ میچ سی ای او، پی سی بی کی ٹیم کے نام رہا۔
ٹاس جیتنے کے بعد گوادر ڈولفنز نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو شوبز شارکس نے بیٹنگ کرتے ہوئے 177 رنز کا ہدف دیا۔ کپتان وسیم خان نے ٹیم کے مجموعی ٹوٹل میں عمدہ اضافہ کیا جسے گراؤنڈ میں موجود کمنٹیٹرز بھی سراہتے رہے۔
جوابی بیٹنگ کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی ذلفی بخاری کی ٹیم گوادر ڈولفنز ہدف حاصل نہ کر سکی اور 12 رنز سے میچ ہار گئی۔
میچ کا ٹاس کرانے والے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر ابتدا سے اختتام تک اپنے تبصروں اور ٹویٹس کے ذریعے کھیل کا حصہ رہے۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں جہاں انہوں نے گوادر کو دنیا کا خوبصورت ترین کرکٹ سٹیڈیم قرار دیا وہیں یہ توقع ظاہر کی کہ جلد انگلینڈ کی ٹیم یہاں کھیلے گی۔
دوستانہ میچ کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی ذلفی بخاری گوادر ڈولفنز کے کپتان تھے جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان نے شوبز شارکس کی قیادت کی۔
میچ کے دوران ایک موقع پر شوبز سٹارز کے کھلاڑی علی سفینہ نے دو کیچ چھوڑے تو جھنجھلاہٹ کا شکار بولر کو کہنا پڑا کہ ’ہر بال پر کیچ نکال دی اور کیا کروں اس کے علاوہ؟‘
شوبز شارکس میں فخر عالم، فیصل قریشی، علی ظفر، سلیم شیخ، اعجاز اسلم، شہزاد رائے، سمی خان، کامران جیلانی، سلمان سعید اور علی سفینہ شامل تھے۔
دوستانہ میچ کے دوران جہاں دونوں جانب سے کامیابی کے لیے بھرپور جدوجہد کی گئی وہیں گراؤنڈ کے اندر اور باہر طنز و مزاح کے رنگ بھی بکھیرے جاتے رہے۔

معاون خصوصی زلفی بخاری کی وزارت کے آفیشل ہینڈل نے ’پارٹی ہو رہی ہے‘ میمز کا انداز اپناتے ہوئے ٹویٹ کی تو لکھا ’یہ ہم ہیں، یہ ہمارا ٹاس ہے اور یہاں کرکٹ ہو رہی ہے‘۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا ٹاس کرایا تو اسے اپنے لیے اعزاز قرار دیا تھا۔

25 اوورز کا میچ گوادر کے سٹیڈیم میں کھیلا گیا اور اس کے مناظر تصاویر اور ویڈیوز کی صورت میں سوشل میڈیا پر آئے تو قریب موجود ساحل اور عقب میں موجود پہاڑ دلچسپ منظر پیش کر رہے تھے۔

شیئر: