Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

السعودیہ کے ٹکٹ ہنگامی حالات میں کب تک موثر رہیں گے؟

جاری کردہ ٹکٹ سفر کی تاریخ سے ایک برس تک موثر ہوں گے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے کہا ہے کہ ہنگامی حالات میں ٹکٹ کی میعاد سفر کی تاریخ سے ایک سال کے لیے بڑھا دی جاتی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ایک مسافر نے السعودیہ سے دریافت کیا تھا کہ ’کورونا وبا کی وجہ سے منسوخ ٹکٹ کے بدلے جاری ہونے والے ٹکٹ کی میعاد کتنی ہوگی۔ آیا اجرا کی تاریخ سے ایک برس شمار کیا جائے گا یا پرواز کی تاریخ سے ایک سال شمار کیا جائے گا۔‘
السعودیہ نے ٹوئٹر پر اس استفسار کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’عام حالات میں ٹکٹ اجرا کی تاریخ سے ایک سال تک موثر رہتا ہے۔‘ 
’جہاں تک وبا کے دوران منسوخ کی جانے والی پروازوں سے متعلق پالیسی کی بات ہے تو یہ پروازیں مجبوراً منسوخ کی گئی ہیں ان پر ہنگامی حالات کا ضابطہ نافذ ہوگا۔‘
’اس حوالے سے جاری ہونے والے ٹکٹ سفر کی تاریخ سے ایک برس تک موثر ہوں گے۔‘ 
السعودیہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ’جو لوگ کورونا وبا کے باعث سفری ہدایات اور پابندی کی تفصیلات جاننا چاہتے ہوں وہ السعودیہ کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کریں۔‘ 

شیئر: