دنیا بھر میں اب تک 20 کروڑ سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے اور دوسری طرف دنیا کے امیر ممالک کے گروپ جی 7 نے غریب ممالک تک ویکسین کی فراہمی کے لیے امداد دگنا کرنے کا عزم کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جی 7 نے جمعے کو کہا ہے کہ مختلف اداروں بشمول عالمی ادارہ صحت کے ’کویکس‘ پروگرام کو دی جانے والی امداد ساڑھے سات ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
مزید پڑھیں
امریکہ، جاپان، فرانس، جرمنی، برطانیہ، اٹلی اور کینیڈا کی طرف سے یہ وعدہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ ایک ڈرافٹ ریزولوشن سامنے لے کر آیا ہے جس میں دیگر ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ ویکسین کی خوراکیں غریب اور جنگ زدہ مالک کے ساتھ شیئر کریں۔
اے ایف پی کو دستیاب قرارداد کی دستاویز میں ’اتفاق اور برابری پر زور دیتے ہوئے امیر ممالک کی طرف سے ویکسین کی خوراکیں غریب ممالک کو عطیہ کرنے کا کہا گیا ہے۔‘
دوسری جانب روس نے کہا ہے کہ اس کی کوی ویک ویکسین کی ایک لاکھ بیس ہزار خوراکیں مارچ تک لوگوں تک پہنچ جائیں گی۔
یہ نئی ویکسین جو کلینکل ٹرائلز کے فائنل مرحلے میں ہے، سرکاری ادارہ چوماکو سینٹر تیار کر رہا ہے اور اس کو بنانے کے لیے پہلے تیار کی جانے ویکسینز سے مختلف طریقہ اختیار کیا گیا ہے۔
روسی وزیر اعظم میخائل مشوسٹین نے کہا کہ ’آج روس واحد ملک ہے جس نے تین ویکسینز تیار کی ہیں۔‘
