Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زبیدہ جلال کی امارات کے وزیر مملکت برائے دفاع سے ملاقات

پاکستانی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے یو اے ای کے وزیر مملکت برائے دفاع محمد احمد البووردی سے ملاقات بھی کی (فوٹو: پاکستانی سفارت خانہ، ابوظبی)
پاکستان کی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے ابوظبی میں ہونے والی بین الاقوامی دفاعی نمائش و کانفرنس اور نیول ڈیفنس اینڈ میری ٹائم سکیورٹی ایگزیبیشن (Idex/Navdex) کی تقریبات میں شرکت کی ہے جس میں یو اے ای کی قیادت بھی شریک ہوئی۔
ابوظبی میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے بدھ کو جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ وزیر دفاعی پیداوار متحدہ عرب امارات کے چار روزہ دورے پر ہیں۔
 بین الاقوامی دفاعی نمائش و کانفرنس اور نیول ڈیفنس اینڈ میری ٹائم سکیورٹی ایگزیبیشن کی تقریبات 21 فروری کو شروع ہوئیں اور 25 فروری تک جاری رہیں گی۔
زبیدہ جلال نے نمائش میں پاکستان کے لیے مخصوص حصے کا دورہ بھی کیا اور بہترین انتظامات پر عملے کے افراد کی کوششوں کو سراہا۔
21 فروری سے 24 فروری تک جاری رہنے والے دورے کے دوران زبیدہ جلال نے یو اے ای کے وزیر مملکت برائے دفاع محمد احمد البووردی سے ملاقات بھی کی جس میں سفیر افضال محمود اور ایئر کموڈور علی آشر بھی شریک تھے۔
زبیدہ جلال نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کو پاکستان کے وزیراعظم کا خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔
انہوں نے کورونا وائرس کے چیلنجز کے باوجود نمائش کے کامیاب انعقاد پر یو اے ای کی قیادت کو مبارک باد بھی پیش کی۔
زبیدہ جلال نے دفاعی پیداوار کے ضمن میں مل کر کام کرنے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
یو اے ای کے وزیر مملکت برائے دفاع محمد احمد البووردی نے نمائش میں بھوپور حصہ لینے پر پاکستان وزیر دفاعی پیداوار اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

شیئر: