Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کارگو کمپنی کے ملازم کو 60 لاکھ ریال سمگل کرنے پر 3 برس قید

5 لاکھ ریال کمپنی کی گاڑی سے جدہ منتقل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا- (فوٹو عاجل)
سعودی پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے بتایا ہے کہ ایکسپریس کارگو کمپنی کے ملازم کو 60 لاکھ  ریال کی سمگلنگ کا الزام ثابت ہوجانے پر تین برس قید کی سزا کا حکم دے دیا گیا ہے۔
ملازم غیرملکی ہے، اس سے پوچھ گچھ کے  دوران یہ بات ثابت ہوگئی کہ اس نے غیر قانونی طریقے سے  60 لاکھ ریال کی سمگلنگ میں حصہ لیا ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق کارگو کمپنی کے غیرملکی ملازم کو 5 لاکھ ریال کارگو کمپنی کی گاڑی سے جدہ منتقل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ اس نے اقبال جرم کرتے ہوئے کہا کہ رقم کی سمگلنگ کا جرم اس نے پہلی بار نہیں کیا۔ ماضی میں بھی وہ اس قسم کی وارداتیں کرتا رہا ہے۔ وہ  کئی لوگوں کے ساتھ  مل کر ساٹھ لاکھ ریال  سمگل کرچکا ہے۔ 
سمگلنگ کا الزام ثابت ہوجانے پر غیرملکی کو تین برس قید ، بیس ہزار ریال جرمانے ، برآمد شدہ رقم ضبط کرنے کی سزا سنادی گئی۔
یہ سزا حتمی ہے اس کے خلاف اپیل نہیں ہوگی۔ علاوہ ازیں ماضی میں سمگل کی گئی رقم کی ضبطی کا بھی فیصلہ صادر کردیا گیا جبکہ قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد اسے مملکت سے بےدخل کرنے کا فیصلہ بھی سنادیا گیا ہے۔ 
پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے بتایا کہ سمگل شدہ رقم کی بازیابی کی کارروائی بھی شروع کردی گئی۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: