Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں جدہ کے کاروباری مراکز اور گھروں کی سجاوٹ کے مقابلے

سجاوٹی مقابلے میں کامیاب ہونے والے کے ناموں کا اعلان رمضان کے بعد ہوگا۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ بلدیہ کی جانب سے رمضان کی خوشیوں کو  دوبالا کرنے کے لیے شہر کے کاروباری مراکز  شاہراہوں اور گھروں کی خوبصورت سجاوٹ کے مقابلے کا آغاز کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی سیاحتی اتھارٹی کے تعاون سے شروع کی جانے والی یہ مہم گھروں اور مالز کی دکانوں کے بیرونی حصوں کو انفرادی طور پر سجانے کے لیے ہے۔
رمضان کے ماحول کو یادگار اور مزید دلکش بنانے کے لیے رنگ برنگی لالٹینوں، اسلامی ڈیزائنوں اور  روشنیوں سے لے کر منفرد انداز کی تزئین و آرائش کے ذریعے اپنا تخلیقی انداز  پیش کرنے کے لیے عوام کو دعوت دی گئی ہے۔
جدہ میونسپلٹی کے ترجمان محمد البقامی نے بتایا ہے ’شہر کے رہائشیوں کو گھروں کے علاوہ ریستوران، کافی شاپس، دیگر دکانیں  اور گلی محلے خوبصورتی سے سجانے کی کوششوں کو سراہنے کے لیے یہ مقابلہ منعقد کیا گیا ہے۔‘
مقدس مہینے کے روحانی رنگوں کو اجاگر کرنے اور کمیونٹی میں خوشی کی فضا قائم کرنے کا شعور اجاگر کرنے کے لیے یہ مقابلہ بہترین موقع ہے۔
رمضان مبارک مسلمانوں کے دلوں میں عقیدت سے بھرپور خاص مقام رکھتا ہے اور یہ غور و فکر، عبادت اور سماجی میل جول کا مہینہ ہے۔
اس مہینے سخاوت اور مہمان نوازی کی اقدار کی عکاسی کرتے ہوئے ہر کوئی گھروں اور دکانوں کو سجا کر ایسے خوشگوار ماحول کی تشکیل میں حصہ  لے سکتا ہے۔

رمضان مبارک مسلمانوں کے دلوں میں عقیدت سے بھرپور مقام رکھتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

میونسپلٹی کے ترجمان محمد البقامی نے مزید کہا ’جدہ شہر کے رہائشیوں کی معاشرتی وابستگی کا اظہار کرتی یہ مہم مقدس مہینے کی ایک خوبصورت علامت ہے۔‘
جدہ میں بسنے والوں کو رمضان کی روح برقرار رکھتے ہوئے تخلیقی ڈیزائنوں اور منفرد روشنیوں کے ذریعے اپنے گھروں کی بیرونی آرائش کے مقابلے میں شامل ہونے کی دعوت ہے۔

مہم کا آغاز رمضان کے روحانی رنگ اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ فوٹو گیٹی امیجز

بلدیہ جدہ کے عہدیدار نے بتایا ’شہر کو سجانے کے مقابلے میں حصہ لینے والوں کی تخلیقی صلاحیت، روایتی عناصر کے استعمال، روشنیوں اور ماحولیاتی پائیداری کی بنیاد پر جانچا جائے گا۔
خوبصورتی سے سجاوٹ کے مقابلے میں کامیاب ہونے والے کے ناموں کا اعلان رمضان کے بعد ہوگا۔
 

 

شیئر: