Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہد ہد‘ کی آمد، موسم گرما کی شروعات ہونے والی ہیں

7 مارچ 2021 سے بہار کا موسم شرع ہوجائے گا- (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں ’ہدہد‘ کی آمد موسم سرما کے خاتمے اور موسم گرما کی شروعات کی علامت مانی جاتی ہے۔ بعض مقامات پر ہد ہد  کی آمد پر موسم سرما کے خاتمے کے حوالے سے چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔
العربیہ کے مطابق موسمیات کے ماہر سمیر الاسمری نے بتایا کہ سعودی عرب کے جن علاقوں میں ہد ہد پرندہ نظر آنے لگا ہے وہاں سردی کی لہر ختم ہو چکی ہے اور گرمی کی شروعات ہو گئی ہیں۔
علاوہ ازیں یہ اس بات کی بھی علامت ہے کہ کاشتکار، کھیتی باڑی کے کام شروع کر دیں۔ ہر سال ان دنوں ہد ہد کی آمد اور اس کی چہچہاہٹ کانوں میں پڑنے پر یہ بات صاف ہو جاتی ہے کہ سردی کا موسم لد چکا اور ہلکی پھلکی گرمی شروع ہو گئی ہے۔
 سعودی معاشرے میں ہد ہد کے حوالے سے بہت ساری کہاوتیں بھی رائج ہیں جن کا خلاصہ یہی ہے کہ ہد ہد کی آمد پر گرم ملبوسات سمیٹ کر محفوظ کر دیے جاتے ہیں اور موسم گرما کی تیاری شروع ہو جاتی ہے۔ 
ماہرین سماجیات کا کہنا ہے کہ قدیم زمانے میں سردی کا موسم آتا تو مقامی لوگ گرم ملبوسات استعمال کرنے لگتے اور جب ہد ہد نظر آنے لگتا تو موسم سرما ختم ہو جانے کی علامت کے طور پر لوگ گرم کپڑے یا تو محفوظ کر لیتے یا فروخت کر دیتے تھے۔ 

ہد ہد کی آمد پر موسم کے حوالے سے چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں- (فوٹو: العربیہ)

الاسمری نے بتایا کہ  موسم سرما اختتام قریب ہے چند دن باقی رہ گئے ہیں، 7 مارچ 2021 سے بہار کا موسم شرع ہو جائے گا۔ 21 مارچ کو دن اور رات برابر ہو جائیں گے پھر دن طویل اور رات چھوٹی ہو جائے گی۔ اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ سردی مکمل طور پر ختم ہو جائے گی مگر اس کی شدت نہیں رہے گی۔ 
ماہر موسمیات معاذ الاحمدی  نے کہا کہ موسم بہار کی آمد پر مارچ کے آخر میں ساحلی مقامات پر بارش کے امکانات کم ہو جائیں گے البتہ مملکت کے اندرونی علاقوں اور جنوبی نیز مغربی بالائی مقامات پر موسلا دھار بارشیں ہوں گی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: