Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وبا کا ایک سال، پہلے کیس سے اب تک کیا ہوا؟

2 مارچ 2020 کو کورونا کا پہلا کیس ریکارڈ پرآیا تھا( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں کورونا کا پہلا مریض ایک برس قبل 2 مارچ 2020 کو ریکارڈ پر آیا تھا۔
وزارت صحت نے بتایا تھا کہ بحرین کے راستے ایران سے آنے والا ایک سعودی شہری کورونا وائرس میں مبتلا  پایا گیا تھا۔ اس نے سرحد عبور کرتے وقت یہ نہیں بتایا تھا کہ بحرین سے پہلے وہ ایران جا چکا ہے۔ 
اخبار 24 کے مطابق 2 مارچ 2020 کو کورونا کا پہلا کیس ریکارڈ پر آنے کے بعد وبا کی صورتحال غیرمستحکم رہی تاہم 17 اپریل کو متاثرین کی تعداد 1132 پہنچ گئی تھی- اس کے بعد تعداد بڑھنے لگی۔
  16 جون کو متاثرین کی تعداد 4919 ہوگئی۔ وبا شروع ہونے کے بعد یہ سب سے بڑی تعداد تھی۔ اس کے بعد والے مہینوں میں متاثرین کی تعداد رفتہ رفتہ کم ہوتی چلی گئی۔
2 جنوری 2021 کو 24 گھنٹے کے دوران  82 متاثرین ریکارڈ پر آئے۔ اس کے بعد لاپروائی کے نتیجے میں متاثرین کی تعداد دوبارہ بڑھنے لگی اور یہ تعداد 350 تک پہنچ گئی۔ 
کورونا سے 11 مارچ 2020 کو پہلا شخص صحت یاب ہوا۔ پہلے مریض کے ریکارڈ پر آنے کے 9 روز بعد شفایابی کا واقعہ منظر عام پر آیا۔ اسکے بعد صورتحال غیر مستحکم رہی۔
16 جولائی 2020 کو 7718 افراد  صحت یاب ہوئے۔ یہ وبا شروع ہونے کے بعد صحت پانے والوں کے حوالے سے سب سے بڑاریکارڈ ہے۔ بعد کے مہینوں میں صحت پانے والوں کا تناسب گھٹتا بڑھتا رہا ہے۔ 
فروری 2021 کے دوران صحت پانے والوں کا یومیہ اوسط 300 ہوگیا۔ 

فروری 2021 کے دوران اموات کا یومیہ اوسط 4 ہوگیا۔(فوٹو ٹوئٹر)

کورونا سے پہلی ہلاکت 24 مارچ  2020 کو ہوئی۔ اس کے بعد یومیہ 10 سے کم اموات کا ریکارڈ چلتا رہا۔
29 مئی کو مرنے والوں کی یومیہ تعداد 22 تک ہوگئی۔ 4 جولائی کو ریکارڈ تعداد میں اموات ہوئیں 58 افراد وبا سے چل بسے۔ یہ مرنے والوں کی سب سے بڑی تعداد تھی۔
پھر وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں تدریجی طور پر کمی واقع ہونے لگی۔ فروری 2021 کے دوران اموات کا یومیہ اوسط 4 ہوگیا۔ 
یوم شہدائے صحت منایا جائے گا
 علاوہ ازیں سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ہر سال 2 مارچ کو یوم شہدائے صحت منایا جائے گا۔
یہ فیصلہ سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں کورونا وبا  سے نمٹتے ہوئے جان کی بازی ہار جانے والے صحت عملے کی خدمات کی یاد منانے کے لیے کیا گیا ہے۔
 وزارت صحت نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر’ ہیش ٹیگ یوم شہدائے صحت‘ جاری کیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ مارچ 2020  کو سعودی عرب میں کورونا وائرس سے پہلے صحت کارکن کی متاثر اور جاں بحق ہونے کا واقعہ ریکارڈ پر آیا تھا۔ 
بیان میں کہا گیا کہ شہدائے صحت نے ایثار اور اخلاص کے ساتھ کورونا کے مریضوں کے علاج میں حصہ لیا۔ انہوں نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی صحت کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
انہوں نے دوسروں کی زندگی بچانے اور وطن عزیز میں صحت و سلامتی کے تحفظ کی خاطر اپنی جان کی پروا نہ کرنے کی روشن مثالیں پیش کیں۔ 
شہدائے صحت ریکارڈ کے مطابق وبا کے آغاز سے لے کر نومبر 2020 تک وزارت صحت کے 186 ڈاکٹرز اور طبی عملے کا انتقال ہوا ہے۔ 

شیئر: