Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زخمی آدمی نے پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے جعلی کہانی بنا لی 

ولیس نے سجیت کمار کے خلاف آرمز ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کر لی ہے (فوٹو: ڈیلی نیوز)
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک آدمی نے غلطی سے اپنے گھٹنے میں گولی مار کر بعد میں دو مبینہ موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے اسے زخمی کرنے کی جعلی کہانی بنا لی۔
گلف نیوز کے مطابق گذشتہ روز اپنی ہی چلائی گولی سے حادثاتی طور پر زخمی ہونے والے شخص کا نام سجیت کمار ہے اور وہ بس ڈرائیور ہے۔
سجیت کمار کی جھوٹی کہانی کے حوالے سے جنوبی دہلی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس اتُل ٹھاکر کا کہنا ہے کہ ’بدھ کی رات پولیس ہیلپ لائن پر کال آئی جس میں ملزم نے شکایت کی کہ وہ اپنے گھر کے قریب موجود پارک کے پاس کھے سگریٹ پی رہے تھے کہ دو لڑکے موٹر سائیکل پر آئے اور معمولی سی بات پر ان کے بائیں گھٹنے پر گولی مار کر فرار ہو گئے۔‘
انہوں نے بتایا کہ سجیت کمار ہسپتال میں ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اے این آئی سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے کہا کہ ’تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ سجیت کمار سوالات کا سیدھا جواب نہیں دے رہے اور معاملے کو دوسری جانب لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ عینی شاہد کے مطابق اس نے کسی بھی طرح کی فائرنگ کا واقعہ نہیں دیکھا اور جہاں واقعہ ہوا وہاں سے خون کے نشانات بھی نہیں ملے‘
دوسری جانب سجیت کمار نے ہسپتال میں دوبارہ معائنے میں یہ بتایا کہ ان کی مبینہ طور پر 15 دن پہلے ہمسائے میں رہنے والے سُمت، ارجن اور وکی نامی لڑکوں سے لڑائی ہوئی تھی۔‘
تاہم اتُل ٹھاکر نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ’پولیس کی تفتیش اور لڑکوں کے بیان سے یہ بات سامنے آئی کہ سجیت کمار کے پاس پستول تھا، جو اس نے صبح لڑکوں کو بھی دکھایا تھا۔‘
’جب وہ پستول لے کر اپنے کمرے میں گئے تو اس کے بعد سجیت کمار زخمی گھٹنے کے ساتھ اپنی بیوی کے ہمراہ باہر نکلے۔ جب لڑکوں نے اسے مدد کی پیشکش کی تو انہوں نے انکار کر دیا۔‘
پولیس نے سجیت کمار کی بیوی کو ان کے رشتے دار کے گھر سے گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں پولیس کو بتایا کہ ’ان کے شوہر نے غلطی سے خود کو گولی مار لی تھی اور پستول انہوں نے اپنے کسی دوست یا رشتے دار سے لیا تھا۔ انہوں نے اپنے شوہر کو بچانے کے لیے اس کی ہدایت پر یہ سب کیا۔‘
پولیس نے پستول بھی برآمد کر لیا ہے جو سجیت کمار کی بیوی نے اپنے رشتے دار کے سکوٹر میں چھپا رکھا تھا۔
پولیس نے سجیت کمار کے خلاف آرمز ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کر لی ہے جبکہ اس سے پہلے بھی وہ قتل اور غیرقانونی اسلحہ کے کیسز میں ملوث رہے ہیں۔

شیئر: