ایمان المطیری سودہ ڈویلپمنٹ کمپنی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر
ایمان المطیری سودہ ڈویلپمنٹ کمپنی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر
جمعرات 4 مارچ 2021 19:49
یہ نیا ادارہ سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) کی ملکیت ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
ایمان حجاد المطیری سعودہ ڈویلپمنٹ کمپنی (ایس ڈی سی) میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ ایک ایسا نیا ادارہ ہے جو سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) کی مکمل ملکیت ہے۔
یہ ادارہ قدرتی نظاروں کو فروغ دینے میں مدد کرے گا۔ پہاڑوں پر نئی ثقافتی منزلوں کی تلاش اور نئے تجربات کے ساتھ رہنمائی کرے گا جس سے مقامی اور قومی معیشت کو تقویت ملے گی۔
ایمان المطیری اپنے اس نئے عہدہ پر تعیناتی سے قبل وزارت سیاحت میں مارکیٹنگ اور مواصلات کی ایڈوائزر کی حیثیت سے گذشتہ برس کام کر چکی ہیں۔
ایمان المطیری نے 2012 میں کنگ سعود یونیورسٹی سے سمال بزنس ایڈمنسٹریشن میں بیچلر ڈگری حاصل کی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے ماسٹر ڈگری حاصل کرنے کے لئے امریکہ کی ریاست اوریگون کی ولیمٹ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی۔
2018 میں المطیری نے لندن بزنس سکول میں سٹریٹجک برانڈنگ کے ایگزیکٹو کورس میں شرکت کی۔
ہارورڈ بزنس سکول میں لیڈرشپ ڈویلپمنٹ پروگرام بھی انہوں نے 2019 میں مکمل کیا۔
وہاں سے سٹریٹجک مارکیٹنگ مینجمنٹ پروگرام میں بھی انہوں نے کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے 2016 کے شروع میں تکمول ہولڈنگ میں سینئر مارکیٹنگ تجزیہ کار کی حیثیت سے ایک سال سے زیادہ خدمات انجام دیں۔وہاں انہوں نے مارکیٹنگ کے جدید تقاضوں کو پورا کرنے کے منصوبوں پر کام کیا۔
ایمان المطیری2017 میں مسک فاؤنڈیشن میں چلی گئیں جہاں انہوں نے تقریبا ایک سال تک آٹھ سے زیادہ برانڈز کے لیے مسک کی مارکیٹنگ کی حکمت عملی تیار کی۔
جون 2018 کے آغاز سےتقریبا 16 مہینوں تک رائل کمیشن برائے العلا میں سیاحتی مقامات کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کیا ، جہاں انہوں نے سیاحت کے لیےالعلا کے بین الاقوامی اور مقامی شعور بیدار کرنے میں مدد کی۔
ایمان المطیری نے ایئرلائنز، ٹریول میڈیا ، ٹور اینڈ ٹریول ایجنٹوں کے ساتھ سیاحت کی شراکت داری پر بھی کام کیا۔