جدہ اسلامی بندرگاہ سے مچھلیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام
جدہ اسلامی بندرگاہ سے مچھلیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام
جمعہ 5 مارچ 2021 5:01
بندرگاہ میں کنٹینر کی آڑ میں اسمگلنگ کی کوشش کی جارہی تھیں- (فوٹو سبق)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) کے انسپکٹرز نے جدہ اسلامی بندرگاہ سے کنٹینر کے ذریعے درآمد شدہ فروزن مچھلیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی- مچھلیاں ایس ایف ڈی اے کے یہاں بلیک لسٹ والی اصناف سے تھیں- بندرگاہ میں کنٹینر کی آڑ میں اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھیں-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ایس ایف ڈی اے نے بیان جاری کرکے بتایا کہ ہر روز کے معمول کے مطابق انسپکٹرز کی ٹیم جدہ بندرگاہ کے کسٹم زون میں موجود کنٹینرز اور درآمد شدہ سامان کا معائنہ کررہے تھے- اسی دوران ایک ایسا کنٹینر نظر آیا جس میں بلیک لسٹ والی اصناف کی مچھلیاں موجود تھیں- انسپکٹرز نے اس حوالے سے قانونی کارروائی کردی-
ایس ایف ڈی اے نے ممنوعہ مچھلیاں درآمد کرکے سعودی مارکیٹ کو سپلائی کی کوشش کرنے والے ادارے کی رپورٹ کردی- اس پر کسٹم ڈیوٹی سے فرار کی سزا کا چارج بھی لگایا گیا-
ایس ایف ڈی اے نے صارفین سے کہا ہے کہ وہ تازہ مچھلیاں خریدتے وقت مندرجہ امور کا دھیان رکھا کریں-
مچھلیوں کی نسیجیں دبانے پر طبعی حالت میں واپس آجائیں- مچھلیاں اور اس کے ٹکڑے ٹھوس ہوں- ان کے نتھنے سرخ رنگ کے ہوں- سیال مادے سے خالی ہوں نہ ان کا رنگ تبدیل ہوا ہو اور نہ وہ خشک نظر آرہی ہوں-
ایس ایف ڈی اے نے فروزن مچھلیوں سے متعلق تاکید کی ہے کہ انہیں پہلی فرصت میں منتقل کیا جائے اور مناسب درجہ حرارت میں محفوظ کیا جائے- 18 ڈگری سے زیادہ درجہ حرارت نہ ہو-
ایسی فروزن مچھلیاں نہ خریدی جائیں جن کے ڈبے یا تھیلیاں پھٹی یا کھلی ہوئی ہوں یا ان کے ڈبوں پر برف کی تہہ نظر آرہی ہو- اگر ایسا ہوگا تو اس کا مطلب یہ ہے کہ مچھلی پگھل گئی تھی اور اسے دوبارہ فروزن کیا گیا ہے-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں