Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گیلانی پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار نامزد

پی ڈی ایم نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کے لیے متفقہ امیدوار نامزد کر دیا یے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد میں پی ڈی ایم کی سربراہی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ  کے لیے  پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور قائد حزب اختلاف کے لیے شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی گئی یے جس کا اجلاس منگل کو ہوگا۔ 
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ 26 مارچ کا لانگ مارچ کا آغاز ہوگا اور ملک کے مختلف حصوں سے قافلے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوں گے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ 30 مارچ تک پورے ملک سے قافلے اپنی منزل تک پہنچنا شروع ہوں گے اور اس مارچ کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے 15 مارچ کو پی ڈی ایم کا اجلاس ہوگا۔
انہوں نے کہا اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے بلایا گیا قومی اسمبلی کا اجلاس غیر آئینی ہے اور اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ 
انہوں نے کہا 'سینیٹ  کے حالیہ انتخابات کا تفصیلی جائزہ لیا ہے اور اس کے شواہد موجود ہیں کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انٹیلیجنس اداروں نے ووٹرز پر اثر انداز ہونے کی غیر قانونی کوشش کی ہے۔‘ 
پی ڈی ایم سربراہ نے خبردار کیا کہ ' انٹیلیجنس اداروں کی مداخلت کی مذمت کرتے ہیں اور  اگر اداروں کی مداخلت کا یہی حال رہا تو پی ڈی ایم تمام حقائق منظرعام پر لانے کے لیےمجبور ہوگی۔'
بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلم لیگ ق کے چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کا مقصد ان کی تیمارداری تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آزادانہ طریقے سے انتخابات ہوئے تو پی ڈی ایم کا امیدوار چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگا۔ 
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس مطلوبہ تعداد نہیں ہے لیکن  انہوں نے اپنا چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔
'آپ کے پاس مطلوبہ تعداد نہیں ہے تو کس بنیاد پر اپنا امیدوار نامزد کیا ہے؟ آپ پیسے دے کر انتخابات جیتنے کی کوشش کرسکتے ہیں یا اداروں کی مداخلت کے ساتھ جیت سکتے ہیں۔‘ 
مریم نواز نے کہا کہ قوم انتظار کر رہی ہے کہ کب وزیر اعظم اعلان کریں گے کہ چیئرمین سینیٹ کا انتخاب اوپن بیلیٹنگ کے ذریعے ہوں گے۔
قبل ازیں پی ڈی ایم کی سربراہی اجلاس سے خطاب میں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے سینیٹ چیئرمین کے گیلانی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ 
پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کرے گی۔ 
پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

شیئر: