Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لیے تیار ہیں، ترکی

ترک صدر کے ترجمان کے مطابق مصر عرب دنیا کا ایک اہم ملک ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ترک صدر رجب طیب اردوغان کے ترجمان نے کہا ہے کہ ترکی مصر اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لیے تیار ہے۔
عرب نیوز نے امریکی نیوز ایجنسی بلوم برگ کے حوالے سے کہا ہے کہ ترک صدر کے ترجمان ابراہیم قلین کے مطابق مصر اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہو سکتا ہے تاکہ علاقائی امن اور استحکام قائم کرنے میں مدد ہو سکے۔ 
پیر کے روز بلومببرگ میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق ترک صدر کے ترجمان ابراہیم قلین کا کہنا تھا کہ مصر عرب دنیا کا ایک اہم ملک ہے، یہ عرب دنیا کے دل و دماغ کی حیثیت رکھتا ہے۔
یاد رہے کہ علاقائی تنازعات کے دوران ترکی نے قطر کے علاوہ 2013 میں مصر کے سابق صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد اخوان المسلمین کی حمایت کی تھی۔
سعودی عرب نے شاہی فرمان کے تحت مئی 2014 میں اخوان المسلمین کو دہشت گرد تنظیم قرار  دیتے ہوئے بلیک لسٹ کر دیا تھا۔
شاہی فرمان کے تحت اخوان المسلمین کی رکنیت اور اس گروہ کے لیے کسی بھی قسم کی حمایت یا ہمدردی کا اظہار قانون کی خلاف ورزی کے مترادف قرار دیا گیا تھا۔
ترک صدر کے ترجمان ابراہیم قلین نے بلومبرگ کو بتایا کہ مصر کی معاشی مشکلات اور سکیورٹی مسائل کو ترکی پوری طرح سے سمجھتا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے ذریعے ترکی اور مصر کے درمیان باہمی تعلقات اور علاقائی مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سمندری تنازعات، مسئلہ فلسطین اور لبیا کے بحران کے علاوہ دیگر مسائل پر مصر کے ساتھ بات چیت کرنے میں ترکی دلچسپی رکھتا ہے۔

شیئر: