گیارہ نمازیوں میں کورونا کی تشخیص، 11 مساجد بند
جمعرات 11 مارچ 2021 19:07
4 مساجد مشرقی ریجن میں بند کی گئیں- (فوٹو سبق)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور نے جمعرات کو مملکت کے 8 علاقوں میں گیارہ نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر گیارہ مساجد عارضی طور پر بند کردیں-
اخبار 24 کے مطابق گزشتہ 32 روز کے دوران بند کی جانے والی مساجد کی تعداد 263 تک پہنچ گئی- ان میں سے 244 کو سینیٹائزنگ اور صحت انتظامات مکمل کرنے پر کھول دیا گیا-
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور نے بیان جاری کرکے بتایا کہ چار مساجد مشرقی ریجن میں بند کی گئیں جہاں 4 نمازی کورونا میں مبتلا ہوگئے تھے- ایک مسجد ریاض ریجن ایک الجوف ایک القصیم، ایک حدود شمالیہ، ایک نجران، ایک مدینہ منورہ اور ایک حائل ریجن میں بند کی گئی ان تمام مقامات پر کورونا کا ایک، ایک مریض ریکارڈ پر آیا تھا-
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ 7 مساجد سینیٹائزنگ اور حفظان صحت کے انتظامات مکمل ہونے پر بحال کردی گئیں- ان میں سے 2 ریاض ریجن، دو مشرقی ریجن، دو حائل ریجن اور ایک مکہ مکرمہ ریجن میں واقع ہے-
وزارت اسلامی امور نے تمام نمازیوں اور مساجد کے منتظمین سے اپیل کی ہے کہ وہ سب کی صحت و سلامتی کی خاطر کورونا حفاظتی تدابیر کی اچھی طرح سے پابندی کریں-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں