ڈاکٹروں نے مریضوں کے اعضا کی سرجری کے دوران تصاویر کیوں لیں؟
ڈاکٹروں نے مریضوں کے اعضا کی سرجری کے دوران تصاویر کیوں لیں؟
منگل 16 مارچ 2021 14:12
طبی ادارے کی انتظامیہ نے اس واقع کی مذمت کی ہے۔ فائل فوٹو: ان سپلیش
امریکی ریاست مشیگن کے ایک ہسپتال میں ایک ڈاکٹر کی ایک انسانی ٹشو کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جب مریض آپریشن تھیٹر پر لیٹا ہوا تھا، جبکہ ایک دوسرے ڈاکٹر کی سرجری کے بعد نکالے گئے اعضا کے ساتھ تصویر وائرل ہوئی ہے۔
امریکی ٹی وی چینل این بی سی کے ووڈ ٹی وی کے مطابق یہ تصاویر گذشتہ ہفتے انسٹاگرام پر مشیگن کے شہر گرینڈ ریپڈز میں سپیکٹرم ہیلتھ نامی طبی ادارے کے میڈیکل ریزیڈنٹس نے شیئر کی تھیں۔
تصاویر شیئر کرنے والے ڈاکٹروں نے ساتھ لکھا تھا کہ صارفین اندازہ لگائیں کہ ایک عضو کا کتنا وزن ہوگا۔ اس کھیل کو انہوں ’پرائس از رائٹ‘ نامی گیم شو جیسا قرار دیا تھا، جو کہ ایک ٹیلی وژن گیل شو ہے جس میں حصہ لینے والوں کو انعام کی قیمت کا اندازہ لگانا ہوتا ہے۔
سپیکٹرم ہیلتھ کے زیر انتظام مشیگن کے 14 ہسپتال آتے ہیں اور ادارے کی انتظامیہ نے اس ’بدقسمت واقعہ‘ قرار دیا ہے۔ انتظامیہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ یہ جاننے پر حیران تھے کہ میڈیکل ریزیڈنٹس نے ایسے تصاویر انسٹاگرام پر پوسٹ کیں۔
سپیکٹرم ہیلتھ کا کہنا تھا کہ مریض کا اعتماد اور رازداری ادارے کے لیے ایم ہیں۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کو بھیجے ایک بیان میں سپیکٹرم ہیلتھ کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ’یہ ناقابلِ قبول رویہ کسی بھی طرح سے ہمارے ادارے کی عکاسی نہیں کرتا۔‘
تصاویر جن انسٹاگرام اکاؤنٹز سے لی گئیں ہیں اس اکاؤنٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔ فوٹو بشکریہ ووڈ ٹی وی
انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس کی اصلاح کے لیے اقدامات لے رہے ہیں۔ تاہم اس بات کی تفصیلات نہیں دی گئیں نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹروں کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی۔
انسٹاگرام پوسٹس کو اس اکاؤنٹ سے ہٹا دیا گیا ہے اور اکاؤنٹ کو بھی اس کے فوراً بعد بند کر دیا گیا جب ٹی وی والوں نے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں سے جمعے کو رجوع کیا تھا۔ یہ اکاؤنٹ سپیکٹرم ہیلتھ سے منسلک نہیں۔