سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے بدھ کو ان کے کویتی ہم منصب ڈاکٹر محمد الفارس نے ریاض میں ملاقات کی ہے۔ وہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔
سعودی عرب اور کویت کے وزرا نے توانائی کے متعدد شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور کویت کے وزرائے توانائی نے دونوں ملکوں کے درمیان منقسم علاقے کے معاہدوں کے ضمیمے پر دستخط کے ایک سال بعد باہمی تعاون کے نتائج کا جائزہ لیا۔
کویت اور سعودی عرب نے تیل کی پیداوار کی بحالی کے اقدامات کی بارے میں مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے تھے۔
دونوں وزرا نے معاہدے اور یادداشت اورعمل درآمد کی کامیابی کو مزید نتیجہ خیز بنانے والے اقدامات پر بھی بات چیت کی۔
دونوں وزرا نے تیل کی منڈی کے حالات اور اس کے استحکام کے لیے مشترکہ تعاون پر بھی غوروخوض کیا۔ یہ بات بھی زیر بحث آئی کہ دونوں ملک پٹرول کی بین الاقوامی مارکیٹ میں توازن کی بحالی کی رفتار تیز کرنے کے لیے اوپیک پلس کے پلیٹ فارم سے کیا کچھ کرسکتے ہیں۔
کویت اور سعودی عرب کے وزرائے توانائی نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ مشترکہ جدوجہد بہت اہم ہے اور اب تک حاصل ہونے والے فوائد کو برقرار رکھنے کے لیے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔