اقوام متحدہ کے اہلکار یمن میں سعودی امدادی کاموں کے معترف
اقوام متحدہ کے اہلکار یمن میں سعودی امدادی کاموں کے معترف
بدھ 17 مارچ 2021 22:27
شاہ سلمان مرکز کے سربراہ سے ریاض میں اقوام متحدہ کے اہلکار نے ملاقات کی ہے(فوٹو ایس پی اے)
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے سپروائز جنرل ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے منگل کو ریاض میں مرکز کے صدر دفتر میں اقوام متحدہ کے ریزیڈ نٹ کوآرڈینیٹر برائے یمن ولیم ڈیوڈ گریسلی سے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ اور ولیم ڈیوڈ گریسلی نے یمن کی انسانی صورتحال اور یمنی عوام کے دکھوں کو دور کرنے کے لیے امدادی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
ڈیوڈ گریسلی نے یمن میں کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے جنگ زدہ ملک میں پیشہ ورانہ مہارت اور مختلف انسانی منصوبوں کے مناسب انتظام کے لیے کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی تعریف کی۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے آج تک 74 تعلیمی منصوبوں پر عملدرآمد کیا ہے جن کی مالیت یمن، شام اور صومالیہ میں 181.3 ملین ڈالر ہے۔
اس مرکز نے ملائیشیا، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک سے آنے والے روہنگیا پناہ گزینوں کی امداد کے لیے یو این ایچ سی آر کے ساتھ متعدد معاہدے بھی کیے ہیں۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر اپنے قیام کے بعد سے یمنی بھائیوں کو پناہ، خوراک،صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم سمیت مختلف اقسام کی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹرکے پاس اپنے انسان دوست اور امدادی پروگرام کے لیے ایک آن لائن پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے عطیہ دہندگان چاہے وہ مملکت کے اندر ہوں یا باہر اپنے ذاتی اکاؤنٹس بنا سکتے ہیں جس کے ذریعے وہ ان پروگراموں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں جن کی وہ سپورٹ کرتے ہیں اور ان کو عطیہ کرنا چاہتے ہیں۔ وہ کریڈٹ کارڈز اور الیکٹرانک پیمنٹ کے ساتھ بھی ادائیگی کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 59 ممالک میں مختلف قسم کے 1536 امدادی منصوبے مکمل کیے ہیں۔ ان منصوبوں پر تقریباً پانچ بلین ڈالر خرچ کیے گئے ہیں۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں3.47 ارب ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 363 ملین ڈالر، شام میں 305 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 202 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
علاوہ ازیں کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے انسانیت کی خدمت، امدادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں کئی منصوبے جاری ہیں۔