Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمیزون کی پہلی بالی وڈ فلم، اکشے کمار ہیرو ہوں گے

ایمیزون کے بانی کا کہنا ہے کہ انڈیا ایمیزون کی فلموں کے لیے سب سے بہتر ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
آن لائن شاپنگ کی بڑی امریکی کمپنی ایمیزون بالی وڈ میں اپنی پہلی فلم بنانے جا رہی ہے جس میں فلم سٹار اکشے کمار جلوہ گر ہوں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایمیزون نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ فلم کا نام ’رام سیتو‘ ہے جو پہلے سینما گھروں میں ریلیز ہو گی۔
واضح رہے کہ نیٹ فلکس، ایمیزون اور ڈزنی کے ہاٹ سٹار سمیت عالمی سٹریمنگ پلیٹ فارمز نے حال ہی میں  انڈیا میں اپنی موجودگی بڑھائی ہے۔
ان کی شہرت کی وجہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث لگنے والا لاک ڈاؤن بھی ہے جس کی وجہ سے سینما گھر جا کر فلم دیکھنے کے شوقین افراد اب گھروں سے نکلنے سے کتراتے ہیں۔ 
تاہم حال ہی میں ایمیزون کا انڈیا میں معاملہ مشکل میں پڑ گیا تھا جب ایمیزون کو ’تانڈو‘ نامی ڈرامے کے لیے زبردستی معافی مانگنی پڑی تھی۔
انڈیا کی حکمران جماعت کے سیاستدانوں نے اس شو پر پابندی لگانے کا اس لیے کہا تھا کیونکہ ان کے مطابق اس میں ’ہندو دیوتاؤں کا مذاق اُڑایا گیا‘ تھا اور لوگوں کے مذہبی جذبات کی بے حرمتی کی گئی تھی۔
انڈیا کے سینسر اصول ایمیزون اور نیٹ فلکس جیسی سٹریمنگ سروسز پر لاگو نہیں ہوتے۔ لیکن سینما اور ٹی وی پر دکھائی جانے والی فلموں میں سے سین ضرور کاٹ دیے جاتے ہیں۔
تاہم انڈیا میں گذشتہ ماہ میں جاری ہونے والی ہدایات کے تحت، سٹریمنگ پلیٹ فارمز کو 36 گھنٹوں کے اندر اس قابل اعتراض مواد کو ہٹا دینا ہوگا جس کی شکایت کی گئی ہو۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’تانڈو‘ پر کھڑے کیے گئے تنازعے کی وجہ سے ہدایت کاروں کو اب پروگراموں میں کافی احتیاط برتنی پڑ رہی ہے۔
گذشتہ ماہ انڈیا کے دورے کے موقع پر ایمیزون کے بانی جیف بیزوس نے بالی وڈ کے فلم سازوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایمیزون ہر ملک میں اچھی کارکردگی دکھا رہا ہے لیکن ’انڈیا سے بہتر کہیں نہیں کر رہا۔‘

شیئر: