انڈیا میں مسافر ٹرین کا ’پیچھے کی جانب‘ 35 کلومیٹر سفر
جمعرات 18 مارچ 2021 15:59
انڈین حکام کی جانب سے نہیں بتایا گیا کہ ٹرین کو کنٹرول کیسے کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں ایک مسافر ٹرین پیچھے کی جانب مسلسل 35 کلومیٹر تک چلتی رہی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کو اس واقعے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔
ٹرین کے پیچھے کی جانب چلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق نئی دہلی سے اترکھنڈ جانے والی ٹرین اس وقت تکنیکی خرابی کا شکار ہوئی جب ڈرائیور نے پٹری پر کسی جانور کو بچانے کی کوشش کی۔
ریلوے حکام نے بعد میں بتایا کہ وہ جانور گائے تھی۔
بعض رپورٹس کے مطابق مسافر ٹرین نے پیچھے کی جانب 35 کلومیٹر تک سفر کیا لیکن وزارت ریلوے کی جانب سے فوری طور پر فاصلے کا نہیں بتایا گیا۔
انڈیا کے وسیع لیکن خستہ حال ریلوے نیٹ ورک پر خطرناک حادثات کا ہونا عام بات ہے۔
اس واقعے کے حوالے سے ریلوے حکام نے ایک مبہم سا بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’گذشتہ روز ہونے والا واقعہ مویشی کے (پٹری پر) بھاگنے کی وجہ سے ہوا۔‘
بیان کے مطابق ’ٹرین ایک یارڈ کے پاس خیریت سے رک گئی اور تمام مسافروں کو دوسری ٹرین کے ذریعے ٹنکپور روانہ کر دیا گیا۔ جکہ ڈرائیور اور گارڈ کو معطل کر دیا گیا ہے۔‘
تاہم حکام نے یہ نہیں بتایا کہ ٹرین کو کنٹرول کیسے کیا گیا۔