Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین وزیر خارجہ پر لندن میں حملے کی کوشش، ’برطانیہ سفارتی ذمہ داریاں نبھائے‘

برطانیہ نے کہا کہ ’عوامی تقریبات میں خلل ڈالنے کی کوئی بھی کوشش ناقابلِ قبول ہے‘ (فوٹو: روئٹرز)
انڈیا نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے دورۂ لندن کے دوران سکیورٹی حصار کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’توقع ہے برطانیہ اپنی سفارتی ذمہ داریاں نبھائے گا۔‘
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق انڈیا کی وزارت خارجہ نے مظاہرین کو ’علیحدگی پسندوں اور انتہاپسندوں کا ایک چھوٹا گروپ‘ قرار دیا۔
لندن میں انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو جمعرات کو اس وقت ہراساں کیا گیا اور ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی جب وہ چیتھم ہاؤس تھنک ٹینک میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد اپنی گاڑی میں روانہ ہو رہے تھے۔
مظاہرین کا ایک چھوٹا گروپ نعرے لگا رہا تھا اور خالصتان نامی سکھ علیحدگی پسند تحریک کے جھنڈے لہراتے ہوئے تھنک ٹینک چتھم ہاؤس کے باہر جمع تھا جہاں وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر خطاب کر رہے تھے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص پولیس کا حصار توڑتے ہوئے جے شنکر کی گاڑی کی طرف دوڑتا ہوا آیا اور لندن پولیس افسران کے سامنے انڈیا کے قومی پرچم کو پھاڑ دیا۔
انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم ایسے عناصر کی طرف سے جمہوری آزادی کے غلط استعمال کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم ایسے معاملات میں میزبان حکومت سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنی سفارتی ذمہ داریاں پوری طرح نبھائے گا۔‘
برطانیہ کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی ’شدید مذمت‘ کرتا ہے۔ ’پُرامن احتجاج کا حق ہے لیکن ڈرانے، دھمکانے یا عوامی تقریبات میں خلل ڈالنے کی کوئی بھی کوشش ’مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے۔‘

ایس جے شنکر چار سے نو مارچ تک برطانیہ کے چھ روزہ سرکاری دورے پر ہیں (فوٹو: روئٹرز)

برطانیہ کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’ہم اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق اپنے تمام سفارتی مہمانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہیں۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان نے کہا کہ ’(مظاہرین) کو افسران نے فوراً روکا اور راستے سے ہٹا دیا۔‘
ایس جے شنکر چار سے نو مارچ تک برطانیہ کے چھ روزہ سرکاری دورے پر ہیں جہاں انڈین وزیر خارجہ کی برطانوی ہم منصب ڈیوڈ لیمی اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں طے ہیں۔
برطانیہ میں اپنی مصروفیات کے بعد جے شنکر چھ سے سات مارچ تک آئرلینڈ کا بھی دورہ کریں گے۔

 

شیئر: