توکلنا ایپ پر بھی ڈیجیٹل اقامے کا اجرا ہوگا
’توکلنا پر ڈیجیٹل اقامہ تمام سرکاری محکموں سمیت ہر چوکی پر تسلیم کیا جائے گا‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
توکلنا ایپ میں بھی اب ڈیجیٹل اقامے کا اجرا کردیا جائے گا۔ وزارت داخلہ اور سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی ’سدایا‘ کے درمیان تعاون کا معاہدہ ہوگیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق توکلنا پر ڈیجیٹل اقامہ سرکاری دستاویز شمار کیا جائے گا جسے دکھانے بعد کارڈ دکھانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’توکلنا ایپ پر ڈیجیٹل اقامہ وہی ہوگا جو ابشر افراد پر موجود ہے۔ کسی بھی سرکاری ادارے یا چوکی پر اسے تسلیم کیا جائے گا‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’وزارت داخلہ اور سدایا کے درمیان یہ تعاون ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر عمل ہے جس میں انہوں نے سرکاری محکموں میں مصنوعی ذہانت کو استعمال کرنے پر زور دیا تھا‘۔
’اس وقت دونوں اداروں کے درمیان تعاون کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ایپ پر سرکاری دستاویزات کو ڈیجیٹل شکل میں پیش کیا جاسکے‘۔
وزارت داخلہ نے سدایا کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ تمام سرکاری ادارے ایک دوسرے کی تکمیل کررہے ہیں تاکہ بالآخر ڈیجیٹل گورنمنٹ کو یقینی بنایا جاسکے۔