Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین ٹرین بدھ 31 مارچ سے دوبارہ چلنے لگے گی

مکہ اور مدینہ کے لیے یومیہ 24 سے 30 ٹرینیں چلیں گی (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں حرمین ٹرین بدھ 31 مارچ سے دوبارہ بحال کی جا رہی ہے۔ جدہ کے شاہ عبدالعزیز سٹیشن سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لیے یومیہ 24 سے 30 ٹرینیں چلیں گی جبکہ رمضان میں ان کی تعداد میں اضافے کے بعد یومیہ 40 سے 45 کر دی جائے گی۔
ویب نیوز سبق کے مطابق ریل سروس مکہ مکرمہ سے روانہ ہو گی جو جدہ ایئر پورٹ کے شاہ عبدالعزیز اسٹیشن سے ہوتی ہوئی شاہ عبداللہ اکنامک سٹی رابغ جائے گی جہاں دوسرا اسٹاپ کرکے مدینہ منورہ روانہ ہو گی۔ 

ایک ٹرین میں 417 مسافروں کی گنجائش ہے (فائل فوٹو: ایس پی اے)

حرمین ٹرین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے سٹیشن اور ریل گاڑی میں مسافروں کےلیے مقررہ ضوابط کا مکمل طور پر خیال رکھا گیا ہے۔ 
ریل میں سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرتے ہوئے مسافروں کی تعداد کم کی گئی ہے۔ ایک ٹرین میں 417 مسافروں کی گنجائش ہے جبکہ کورونا ایس اوپیز کے تحت ایک گاڑی میں 200 مسافروں ہوں گے۔
مسافروں کی تعداد کم رکھنے کا بنیادی مقصد سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کرنا ہے جبکہ اسٹیشن اور ریل گاڑی کے اندر بھی سماجی فاصلے کو مقرر رکھنے کے لیے خصوصی اسٹیکرز لگائے گئے ہیں۔  
سٹیشن پر مسافروں کی آمد ورفت کےلیے بھی داخل ہونے اور نکلنے کے راستوں کا تعین کیا گیا ہے جبکہ داخلی دروازوں پرلوگوں کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کےلیے خصوصی تھرما میٹر کا بھی بندوبست کیا ہےعلاوہ ازیں ’توکلنا‘ ایپ کو دیکھنے کے لیے بھی اہلکاروں کو داخلی دروازوں پر متعین کیا جائے گا۔ 
واضح رہے 25 دسمبر 2018 کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حرمین ٹرین کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا جبکہ جون 2017 میں ٹرین سروس کو تجرباتی طورپر شروع کیا گیا تھا۔ 
حرمین ٹرین جو کہ مکہ مکرمہ سے شروع ہوتی تھی جدہ میں دو سٹیشن ہیں مرکزی اسٹیشن سلیمانیہ کے علاقے میں تھا جس میں 29 ستمبر سال 2019 میں آگ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے حرمین ریل سروس روک دی گئی ۔  
ستمبر 2019 سے آتشزدگی کی وجہ سے سٹیشن مکمل طور پر تباہ ہونے کے باعث بند کر دیا گیا جس کے بعد ریل سروس بھی عارضی طورپر روک دی گئی تھی۔ 

شیئر: