طلاق کے بعد سابق شوہر کا سوشل میڈیا اکاونٹ ہیک کرلیا
انفارمیشن کرائمز کے قانون میں اکاونٹ ہیک کرنے پر سزا مقرر ہے۔( فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب میں جازان ریجن کی ایک خاتون نے طلاق کے بعد انوکھا انتقام لیتے ہوئے سابق شوہر کے سوشل میڈیا اکاونٹ ہیک کرلیے۔
الوطن اخبار کے مطابق علیحدگی سے قبل سابق شوہر نے کمپیوٹر اور ٹیکنالوجی امور میں بیوی پر اعتماد کرتے ہوئے اپنے پاسں ورڈز اسے بتا دیے تھے۔ اپنے اکاؤنٹس میں خرابی کی اصلاح یا اکاؤنٹ بند کرنے کے لیے بھی مدد لیتا تھا۔
طلاق کے بعد مقامی شہری یہ دیکھ کر حیرت زدہ رہ گیا کہ وہ اپنے اکاؤنٹ استعمال نہیں کرسکتا ہے۔ اس نے مجبورا نئے اکاؤنٹ بنائے اور اپنے دوستوں کو پرانے اکاؤنٹس پر رابطوں سے منع کردیا۔
سعودی قوانین کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سابق شوہر یہ الزام ثابت کرنے میں کامیاب ہوگیا کہ اس کی بیوی نے اس کے اکاؤنٹ ہیک کیے ہیں اور اسے اپنے اکاؤنٹ استعمال کرنے سے روکا ہے تو اس پر مطلقہ کو ایک برس تک قید اور پچاس لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔
انفارمیشن کرائمز کے قانون میں یہ سزا مقرر ہے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دنوں سعودی عدالتوں میں ایسے بہت سارے مقدمات آرہے ہیں جن کے پیچھے بیگمات کی جانب سے شوہروں کے موبائل کی تلاشی اور فریقین کے درمیان اعتماد کی کمی ہے۔